Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ امن سربراہی اجلاس: سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی امریکی صدر سے ملاقات

اجلاس کا مقصد امن و استحکام کے لیے کوششوں کو فروغ دینا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی نیابت کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کو شرم الشیخ میں امن سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔
عرب نیوز کے مطابق غزہ امن سربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
رہنماؤں نے امریکی قیادت میں تیارکردہ 20 نکاتی منصوبے پر تبادلۂ خیال کیا، جس کا مقصد تنازع کو حل کرنا اور موجودہ محدود جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط بھی کیے، جس کا مقصد غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کو مضبوط بنانا ہے۔
اس سربراہی اجلاس کا مقصد غزہ میں جنگ کا خاتمہ اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے کوششوں کو فروغ دینا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سربراہی اجلاس مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ٹرمپ کی مشترکہ صدارت میں ہوا جس میں متعدد ملکوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں غزہ معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مصر، قطر اور ترکی کے رہنماؤں کے ہمراہ اس معاہدے کے ضامن کے طور پر اعلامیے پر دستخط کیے۔
یہ معاہدہ جامع جنگ بندی کی جانب پہلا قدم ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلامیے پر دستخط کو ’مشرق وسطیٰ کے لیے شاندار دن‘ قرار دیتے ہوئے اس اہم پیشرفت کا خیرمقدم کیا ہے۔

 

شیئر: