دمام ایئرپورٹ کے سٹرٹیجک منصوبوں کے لیے 500 ملین ریال کے معاہدے
خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل سروسز میں اضافہ کیا جائے گا۔(فوٹو: عاجل)
دمام ایئرپورٹس اتھارٹی نے ریجن کے ایئرپورٹس کے سٹرٹیجک منصوبوں کے لیے 500 ملین ریال کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق ترقیاتی امور کے تحت فضائی مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل سروسز میں اضافہ کیا جائے گا۔
معاہدوں پر دستخط کے موقع پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین عبدالعزیز الدعیلج بھی موجود تھے۔
ترقیاتی امور میں ایئرپورٹس کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اورفراہم کی جانے والی فنی سروسز میں اضافہ کرنا شامل ہے۔
اتھارٹی کے چیئرمین الدعیلج کا کہنا تھا ’ ترقیاتی معاہدے سول ایوی ایشن کی جانب سے سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کی پالیسی کے عکاس ہیں جن کا مقصد مسافروں کو بہتر سے بہترسہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔‘
دمام ایئرپورٹس کے سی ای او انجینئرمحمد الحسنی نے بتایا’ ترقیاتی معاہدے دمام ایئرپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور مسافروں کی سہولت کے لیے کیے گئے ہیں۔‘
