ریاض فیشن ویک 2025: ’فیشن، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں‘ کا حسین امتزاج
ریاض فیشن ویک 2025: ’فیشن، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں‘ کا حسین امتزاج
جمعرات 16 اکتوبر 2025 13:59
سعودی دارالحکومت میں ’ریاض فیشن ویک 2025‘ کا تیسرا ایڈیشن اپنی تمام تر رونقوں کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت ثقافت کے فیشن کمیشن کی سرپرستی میں ریاض فیشن ویک 2025 آج 16 اکتوبر سے 21 اکتوبر تک منعقد ہوگا۔ اس دوران ریاض میں فیشن اور بیوٹی سے متعلق متعدد تقاریب منعقد کی جائیں گی۔
چھ روز تک ہونے والی تقاریب میں 25 سے زیادہ رن وے شوز، ڈیزائنرز کی 10 پریزینٹیشنز، منتخب شو روُم اور شہر بھر میں ہونے والی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
فیشن ویک 2025 میں مقامی اور بین الاقوامی ڈیزائنرز شرکت کریں گے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
برطانیہ کا برانڈ ’ویویین ویسٹ وُڈ‘ فیشن ویک میں شرکت کرکے پہلی بار مشرقِ وسطٰی میں اپنے قدم رکھا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس برانڈ کا افتتاح ایک تقریب میں ہوگا جو برطانیہ کے فیشن کی میراث کو سعودی عرب کی ہنر مندی اور کاریگری سے ملا دے گا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ’وی وی این ویسٹ وُڈ‘ کے سی ای او کارلو ڈی اماریو نے اپنے منصوبے کے نمایاں پہلوؤں کے بارے میں کچھ یوں بتایا۔ ’ہم اکٹھے ہو کر کشیدہ کاری والے گاؤنز کے ایک مخصوص مجموعے پر کام کر رہے ہیں جو ہمارے نئے انداز کے کپڑے تیار کرنے والی ٹیم اور مقامی دستکاروں کی کاریگری کا نتیجہ ہوگا۔ یہ مقامی روایت کو بین الاقوامی نقطۂ نظر کے ساتھ ملا کر فروغ دینے کا ایک طاقتور انداز ہے۔‘
ریاض فیشن ویک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں ریاض عالمی منظرنامے پر ابھرے گا جہاں فیشن، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتیں ایک ساتھ ہوں گی۔
فیشن ویک کا اختتام برطانوی فیشن برانڈ سٹیلا میک کارٹنی کے ایک شاندار شو کے ساتھ ہوگا۔