سعودی وزیرکمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواحہ کی سربراہی میں سعودی وفد نے امریکہ کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں سعودی طلبا کے ہمراہ کیمیا میں نوبل انعام یافتہ پروفیسرعمر یاغی کی کامیابی کا جشن منایا۔
ایس پی اے کے مطابق عبداللہ السواحہ نے پروفیسرعمر یاغی کو سعودی قیادت کی جانب سے ان کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی سائنسی شراکت کا اعتراف کیا جس نے مملکت کی عالمی تحقیقی موجودگی کو مستحکم کیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
’پروفیسر عمر یاغی کو نوبیل انعام، عرب دنیا کے لیے باعث فخر‘Node ID: 895655
سعودی وزیر نے ریٹیکولرکیمسٹری میں پروفیسرعمر یاغی کے کام اور کنگ عبدالعزیز سٹی فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے کے درمیان جاری ریسرچ پارٹنر شپ کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر پروفیسرعمر یاغی نے اپنے سائنسی سفرکے بارے میں بتایا اور کہا کہ’ سعودی قیادت کی جانب سے سائنسی سفر میں سپورٹ ان کی کامیابی اور قوم کی ترقی کی بنیادی وجہ ہے۔ مملکت نے سائنسی تحقیق اور نئی ایجادات کی بھر پور سپورٹ کی ہے۔‘
سعودی وزیر عبداللہ السواحہ اور پروفیسرعمر یاغی دونوں نے کہا ’بیرون ملک سعودی طلبا کی اکیڈمک ایکسیلنس پر فخر کیا جائے۔‘
عبداللہ السواحہ کا کہنا تھا’ یہ کامیابیاں قومی ٹیلنٹ کو بااختیار بنانے اورعلم پر مبنی معیشت میں سرمایہ کاری کے لیے قیادت کے عزم کا نتیجہ ہیں۔‘
یاد رہے سویڈن کی رائل اکیڈمی آف سائنسز نے سعودی سائنس دان عمر بن یونس یاغی، جاپانی سائنس دان سوسومو کیٹاگاوا اور آسٹریلوی سائنس دان رچرڈ روبسن کو نوبیل انعام برائے کیمیا 2025 دینے کا اعلان کیا تھا۔
نوبیل کمیٹی کے مطابق ان تینوں انعام یافتگان نے ایک نئی قسم کی مالیکیولائی ساخت معلوم کی ہے جس سے دھات اور آرگینک اجزا کے ملاپ سے فریم ورکس بنائے جا سکتے ہیں۔
اس فریم ورک میں مالیکیول اندر اور باہر حرکت کر سکتے ہیں۔ اس عمل کو صحراؤں میں ہوا سے پانی حاصل کرنے، پانی سے آلودگی ختم کرنے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ذخیرہ کرنے جیسے مفید کام لیے جا سکتے ہیں۔