Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حائل کمیونٹی فورم، روزمرہ چیلنجز سے نمٹنے پر بات ہوگی

حکومت اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی 45 تنظیمں شرکت کریں گی۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شہر حائل میں سنیچر سے ایک کمیونٹی فورم کا آغاز ہو رہا ہے جس  میں لوگوں کو درپیش روز مرہ کے چیلنجز سے نمٹنے پر بات چیت ہوگی۔
اس فورم میں حکومت، نجی شعبے اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی 45 تنظیمں شرکت کریں گی۔
عرب نیوز کے مطابق فورم کا نام ’درعیہ فورم‘ رکھا گیا ہے جو سماجی خدمات میں حسنِ کارکردگی پر’امیرہ صيتۃ بنت عبدالعزيز ایوارڈ‘ کے زیرِ انتظام منعقد ہوگا اور اس کا موضوع ’اگر یوں ہوا تو ۔۔۔آپ کیا کریں گے؟‘ جیسے سوالات پر مبنی ہوگا۔ فورم، 25 سے 27 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
یہ فورم حائل کے گورنر شہزادہ عبدالعزیز بن سعد کی زیرِ سرپرستی منعقد ہوگا اور سعودی وژن 2030‘ کے مقاصد میں تعاون فراہم کرے گا تاکہ شہریوں اور حائل کے رہائشیوں کی زندگیاں بہتر بنائی جا سکیں۔
پروگرام میں 30 سے زیادہ ورکشاپس اور مکالمے کے سیشن ہوں گے جن میں مختلف حکومتی اداروں کی طرف سے بھی تجاویز دی جائیں گی۔ فورم میں قصیم ریجن  کی نمائندگی اعزازی مہمان کے طور پر ہوگی۔
فہد المغلوث نے، جو ایوارڈ کے سیکریٹری جنرل ہیں، کہا کہ’ فورم حائل کے نوجوانوں اور سپیشلسٹس کو ایک جگہ جمع کر دے گا تاکہ وہ مسائل کے عملی حل پر بات چیت کر سکیں۔‘
فورم اس تصور کو آگے بڑھانے کے لیے کہ ’آج سے باخبر رہیں تاکہ کل آپ کو نقصان نہ پہنچے‘ جس میں انٹرایکٹیو سیشن، بچاؤ کی تدابیر اور زندگی میں پیش آنے والی انتہائی مشکل صورتِ حال سے نمٹنے کے سائنسی حل بھی پیش کیے جائیں گے۔

 

شیئر: