ریاض سیزن 2025: کورین زون میں ایشیائی ثقافت کا شاندار میلہ
رواں برس ریاض سیزن میں کوریا کا زون بھی شامل کیا گیا ہے جو لوگوں کو ایک زبردست ایشیائی ثقافت کا تجربہ پیش کر رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بلیواڈ میں یہ زون کوریائی ورثے اور تہذیب کی بھرپور عکاسی کر رہا ہے۔
یہ تفریحی مقام مختلف اقوام کے درمیان باہمی رابطے کو فروغ دینے اور ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
اس زون میں لوگوں کو کورین ثقافت کے اہم پہلوؤں کو دریافت کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے جس میں روایتی مکانات سے متاثرہ فنِ تعمیر، مقامی ورثے کو پیش کرنے والے فنکارانہ مظاہرے، مستند کورین کھانوں کا ذائقہ اور روایتی دستکاریوں و ثقافتی مصنوعات کی دکانیں شامل ہیں۔
یہ نیا اضافہ موجودہ سیزن کی توسیع کا حصہ ہے جس میں دنیا بھر کی مختلف ثقافتوں کی نمائندگی کرنے والے 24 زون شامل کیے گئے ہیں۔
ریپبلک آف کوریا جیسے نئے ملکوں کے زونز کی شمولیت سے لوگوں کو دنیا بھر کی ثقافتوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریاض سیزن ایک ایسا پلیٹ فارم بن گیا ہے جو تفریح کے ساتھ ساتھ مختلف ملکوں کی ثقافتوں اور علمی تبادلے کو بھی فروغ دیتا ہے۔