انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی بن عبدالمحسن آل الشیخ نے اطالوی سٹار یانیک سینیر کو ٹینس چیمپئن شپ ’سکس کنگز سلام 2025‘ کا چیمپئن قرار دیتے ہوئے اعزاز سے نوازا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یانیک سینیر نے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ فائنل میں اپنے حریف ہسپانوی کھلاڑی کارلوس الکاراز کو شکست دی ہے۔
یہ فیصلہ کن مقابلہ شاندار عوامی حاضری میں ہوا جس میں وزیرِ اطلاعات سلمان الدوسری، پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے سربراہ یاسر الرمیان اور ارامکو کے چیف ایگزیکٹو امین الناصر بھی شریک تھے۔
ریاض سیزن کے تحت اے این بی ایرینا میں تین روز تک جاری رہنے والے ایونٹ نے دنیا کی نمایاں ترین ٹینس چیمپئن شپ میں اپنی جگہ بنائی ہے۔
تمام ٹکٹیں قبل از وقت فروخت ہو گئیں اور مقابلے کی براہِ راست نشریات نیٹ فلکس کے ذریعے دنیا بھر کے 30 کروڑ سے زائد صارفین تک پہنچیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاض اب عالمی سطح پر بڑے کھیلوں کے انعقاد کی ایک ممتاز منزل بن چکا ہے۔
اطالوی کھلاڑی یانیک سینیر نے ’سکس کنگز سلام 2025‘ کے ساتھ ساتھ 24 قیراط خالص سونے سے تیار کردہ خصوصی ٹرافی ’گولڈن ریکٹ‘ بھی حاصل کی ہے جو ریاض سیزن کی جانب سے اس ایونٹ کے لیے خاص طور پر تیار کی گئی تھی۔
سینیر اس ٹورنامنٹ کی تاریخ میں دو مرتبہ ٹائٹل جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے اور ساتھ ہی پوری چیمپئن شپ میں ایک بھی سیٹ نہ ہارنے والے واحد کھلاڑی کے طور پر ریکارڈ قائم کیا ہے جس سے ان کی برتری ایک بار پھر ثابت ہوئی ہے۔