Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

سعودی ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے پیر کو ریاض میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی ہے۔
 وزیرِاعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد کی خصوصی دعوت پر فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو کی نویں کانفرنس میں شرکت کے لیے پیر کی شام ریاض پہنچے تھے۔
ایس پی اے کے مطابق ریاض کے کنگ عبدالعزیز سینٹر میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات اور مخلتف شعبوں میں مشترکہ تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف ریاض پہنچے تو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ  پر ریاض کے نائب گورنر شہزاہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق نے وزیرِاعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور بلال بن  ثاقب وزیرِاعظم کے ہمراہ اعلی سطح وفد میں شریک ہیں۔
وزیرِاعظم فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو میں شرکت کے لیے آئے عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا دورہ اقتصادی سفارت کاری کو آگے بڑھانے اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی میں سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
یاد رہے ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو (ایف آئی آئی 9) کانفرنس کا آغاز پیر27 اکتوبر سے ہوا ہے جو 30 اکتوبر 2025 تک ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں جاری رہے گی۔
کانفرنس کا موضوع ’خوشحالی کی کنجی‘ ترقی کی نئی سرحدیں کھولنا ہے، اس میں عالمی رہنما، سرمایہ کار اور ماہرین شرکت کررہے ہیں۔
کانفرنس متوقع طور پر آٹھ ہزار سے زیادہ شرکا، 650 سے زیادہ سپیکرز کو 250 سیشنز میں جمع کرے گی۔ مستقبل کے حوالے سے مختلف موضوعات جن میں آزاد تجارت کےجغرافیائی سیاسی اثرات اور دیگر پر بحث کی جائے گی۔

شیئر: