کینیا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 11 غیرملکی سیاح ہلاک
منگل 28 اکتوبر 2025 15:31
کینیا میں ہنگری اور جرمنی کے سیاحوں کو لے جانے والا چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ’ممباسا ایئر سفاری‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے سیاحوں میں سے آٹھ کا تعلق ہنگری جبکہ دو کا جرمنی سے تھا، مرنے والے پائلٹ کا تعلق کینیا سے تھا۔
’ممباسا ایئر سفاری‘ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’افسوس، واقعے میں کوئی شخص زندہ نہیں بچا۔‘
کینیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’یہ حادثہ منگل کو بحرِہند کے ساحل پر کوالے کے علاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا۔‘
مقامی پولیس کمانڈر نے سرکاری ٹی وی کینیا براڈکاسٹنگ کارپوریشن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جہاز میں سوار تمام افراد سیاح تھے۔‘
سٹیزن ٹی وی سٹیشن نے بتایا کہ ’جہاز میں سوار تمام افراد کی لاشیں جل چکی ہیں اور اب اُن کی شناخت ممکن نہیں۔‘
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مزید بتایا کہ ’جہاز ڈیانی کے ساحل سے کینیا کے ماسائی مارا نیشنل ریزرو کی جانب محوِ پرواز تھا۔‘