براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری وژن 2030 کے ہدف بڑھ گئی: خالد الفالح
براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری وژن 2030 کے ہدف بڑھ گئی: خالد الفالح
منگل 28 اکتوبر 2025 20:35
سعودی عرب کی معیشت کا اب محض تیل پر انحصار نہیں رہا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئرخالد الفالح نے کہا ہے کہ ’مملکت میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریاض میں فیوچر انویسٹنمٹ انیشیٹو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ’ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں چار گناہ اضافہ ہوا ہے جو وژن 2030 کے مقر کردہ ہدف سے زیادہ ہے۔‘
وزیر سرمایہ کاری نے واضح کیا کہ ’سعودی عرب کی معیشت کا اب محض تیل پر انحصار نہیں رہا، ممکت کے 40 فیصد اخراجات اور بجٹ کی آمدنی غیرتیل ذرائع سے حاصل ہوتی ہے جبکہ 90 فیصد غیرملکی سرمایہ کاری بھی تیل ماسوا شعبوں میں کی جارہی ہے۔‘
90 فیصد غیرملکی سرمایہ کاری تیل ماسوا شعبوں میں کی جارہی ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
انجینئر الفالح کا کہنا تھا’ سعودی عرب نے صنعتی ترقی، ٹیکنالوجی، سیاحت، ایجادات، سائنسی علوم جیسے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔‘
’کوڈ 19 کی وبا اور تیل کی قیمتوں میں کمی اور علاقائی کشیدگی جیسے بڑے چیلنجز پر بہترین انداز میں قابو پایا ہے جس کا سہرا سعودی عرب کی مستحکم معیشت کو جاتا ہے۔‘
خالد الفالح نے مزید کہا ’ نان آئل اکانومی پانچ فیصد تک بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں مملکت میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل تبدیلی اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں نئی اور پرکشش سرمایہ کاری کے مواقع سامنے آئے ہیں۔‘