لیوینڈر ربن ڈے: مملکت میں کینسر کی روک تھام سے متعلق نئی مہم کا اعلان
لیوینڈر ربن ڈے: مملکت میں کینسر کی روک تھام سے متعلق نئی مہم کا اعلان
جمعرات 30 اکتوبر 2025 8:01
شہزادی ریما بنت بندر السعود نے کینسر کی روک تھام اور اس کی بروقت تشخیص سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے ایک نئی مہم کا اعلان کیا ہے جو باقاعدہ طبی معائنے، سکریننگ اور صحت مند طرزِ زندگی کے ذریعے ممکن ہے۔
عرب نیوز کے مطابق منگل کے روز اپنی صحت سے متعلق مہم ٹین کے ایس اے (10KSA) کے ذریعے شہزادی ریما جو امریکہ میں مملکت کی سفیر بھی ہیں، نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں۔
آٹھ دسمبر کو آنے والے ’لیوینڈر ربن ڈے‘ کے موقع پر ’ٹین کے ایس اے‘ نے لوگوں کو دعوت دی ہے کہ وہ اپنی کہانیاں سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ لیوینڈر رنگ دنیا بھر میں تمام اقسام کے کینسر کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے یہ اعلان آٹھویں سالانہ گلوبل ہیلتھ ایگزیبیشن کے دوران کیا جو 27 سے 30 اکتوبر تک ریاض ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر میں جاری ہے۔
مہم کے آغاز پر شہزادی ریما نے کہا کہ ’ہمارے ساتھ شامل ہو کر آپ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو یہ سمجھنے میں مدد دیں گے کہ باقاعدہ طبی معائنے اور سکریننگ کے ذریعے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا کتنا ضروری ہے، کیونکہ یہ بروقت تشخیص کا باعث بن سکتی ہیں۔‘
’آئیے ہم سب آج، آٹھ دسمبر کو، اور ہر دن صحت کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہوں، کیونکہ مل کر ہی ہم اپنے، اپنے پیاروں، اور اپنی قوم کے لیے ایک زیادہ صحت مند مستقبل تعمیر کر سکتے ہیں۔‘
’ٹوگیدر فار ہیلتھ‘ کے نعرے کے تحت اس مہم نے شہریون سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے لیوینڈر ربن کی ایک تصویر یا ویڈیو شیئر کریں، جس کے ساتھ ایسا کیپشن لکھیں جو اُن اقدامات کو اُجاگر کرے جو وہ اپنی صحت کے لیے کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ کا ٹیگ (@10KSA2025) اور ہیش ٹیگ (10KSA) استعمال کرنے کی بھی ترغیب دی گئی ہے۔
یہ مہم اپنے دسویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی جا رہی ہے، اور اس سلسلے میں مختلف سرگرمیوں میں عسیر ریجن میں 10 ہزار لیوینڈر کے پودے لگانا بھی شامل ہے۔
ٹین کے ایس اے کی جانب سے ایک ٹول کِٹ بھی فراہم کی جا رہی ہے، جسے ان کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ اس ٹول کِٹ میں مہم میں شرکت کے طریقہ کار اور رہنمائی کی تفصیلات شامل ہیں۔
اس ٹول کِٹ میں کینسر سے متعلق تعلیمی مواد، احتیاطی نگہداشت کے بارے میں معلومات، نیز برانڈ کے رہنما اصول اور سوشل میڈیا پوسٹس بھی شامل ہیں جنہیں ہر کوئی استعمال کر سکتا ہے۔
ٹین کے ایس اے کی بنیاد شہزادی ریما نے 2015 میں رکھی تھی، تاکہ کینسر کے بارے میں آگاہی اور احتیاطی تدابیر کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ مہم آج تک گنیز ورلڈ ریکارڈ رکھتی ہے، جو (لارجیسٹ ہیومن اویئرنیس ربن) کے لیے دیا گیا تھا اس تاریخی تقریب میں تقریباً نو ہزار خواتین نے 2015 میں شرکت کی تھی جس کا مقصد بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی پھیلانا تھا۔
گلوبل ہیلتھ ایگزیبیشن میں ماہرین صحت شرکت کر رہے ہیں۔ (فوٹو: گلوبل ہیلتھ)
ٹین کے ایس اے کی مہم کو وزارتِ صحت اور ہیلتھ اِن آل پالیسیز کی وزارتی کمیٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
اس کے علاوہ عسیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی، انوائرمنٹ فنڈ، اور وزارتِ تعلیم، وزارتِ خارجہ، اور وزارتِ پانی و زراعت بھی اس مہم کی معاون ہیں۔
ٹین کے ایس اے کو کئی شراکت دار اداروں کی طرف سے بھی تعاون حاصل ہے، جن میں عرب نیشنل بینک، مكاتفة، روشن گروپ، مروج اور ویبوک شامل ہیں۔