Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض ایکسپو میں مکہ ہیلتھ کلسٹر کے نئے اے آئی پروجیکٹ کی نمائش

اس ایونٹ میں صحت سے متعلق جدید ٹیکنالوجی پر بات ہوگی (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ کا ہیلتھ کلسٹر گلوبل ہیلتھ ایکسپو میں شرکت کر رہا ہے جو 27 سے 30 اکتوبر تک ’ریاض ایگزیبیشن اینڈ کنوینشن سینٹر‘ میں ’صحت پر سرمایہ کاری کریں‘ کے موضوع پر ہوگی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس ایونٹ میں صحت سے متعلق جدید ٹیکنالوجی پر بات ہوگی اور 130 ممالک سے ماہرین شرکت کریں گے۔
سعودی ہیلتھ کلسٹر ’آئی سیلفی‘ پروجیکٹ کو ایونٹ میں شریک افراد کے سامنے رکھے گا جس میں مصنوعی ذہانت اور فوٹو پلیتھسموگرافی کی مدد سے چہرے کی تصویر سے خون کی روانی اور صحت کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔
یہ انیشیٹِیو مریضوں کی تشخیص کے عمل میں 70 فیصد تک تیزی لے آئے گا اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں ہر مریض پر صرف ہونے والے وقت کو سات سے کم کر کے دو منٹ کر دے گا۔
اس ’سمارٹ وائٹل سائن پروجیکٹ‘  کو 14 ہسپتالوں اور پرائمری ہیلتھ کیئر کے 15 مراکز میں نافذ کیا جائے گا جس سے ہر سال بلڈ پریشر، دل کی دھڑکن، آکسیجن اور درجۂ حرارت جیسی اہم معلومات کے لیے استعمال ہونے والے آلات کی بھی ضرورت نہیں رہے گی اور سالانہ 120000 سعودی ریال کی بچت بھی ہوگی۔
 اس طریقۂ علاج سے نرسنگ پر اٹھنے والے 15.3 ملین سعودی ریال کے اخراجات بھی کم ہونے کی توقع ہے جبکہ صحت کی کوالٹی کو متاثر کیے بغیر کام کو بھرپور انداز میں کرنے کے لیے منصوعی ذہانت کو استعمال میں لایا جائے گا۔
اس طرح کا جدید طریقۂ علاج ’سعودی وژن 2030 ‘ کے نصب العین میں سے ایک ہے  جس میں سمارٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے رسائی کو بہتر بنا کر اپنی نگہداشت آپ کے اصول کو کام میں لایا جائے گا۔
یہ نمائش ڈاکٹروں اور صحت کی دیکھ بھال سے متعلق پیشہ ور افراد کے لیے ایک پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتی ہے جس میں ہیلتھ کیئر کے مستقبل، مصنوعی ذہانت کے کردار اور مملکت میں صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے منظر نامے پر 100سے زیادہ مکالمے کے سیشن اور ورکشاپس منقعد کی جائیں گی۔

 

شیئر: