’پاکستان کسی صورت افغان سرزمین سے دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گا‘
جمعرات 30 اکتوبر 2025 17:04
پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک بشمول افغانستان کے ساتھ امن کا خواہاں ہے، تاہم پاکستان کسی صورت افغان سرزمین سے دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے جمعرات کو پشاور کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے قبائلی عمائدین کے جرگے سے ملاقات اور باہمی گفتگو کی۔
فیلڈ مارشل کو 11 کور کے ہیڈکوارٹرز میں موجودہ سکیورٹی صورت حال، آپریشنل تیاریوں اور پاکستان افغانستان سرحد پر امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے جاری انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق جرگے سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے افغانستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران قبائلی عوام کی جانب سے سکیورٹی فورسز کو دی گئی غیر متزلزل اور غیر مشروط حمایت کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کے بہادر عوام کی قربانیوں اور حوصلے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قبائلی عمائدین نے بھی دہشت گردی اور افغان طالبان کے حمایت یافتہ عناصر کے خلاف مسلح افواج کے ساتھ بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے اس موقع پر زور دیا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک بشمول افغانستان کے ساتھ امن کا خواہاں ہے، تاہم پاکستان کسی صورت افغان سرزمین سے دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران، افغانستان سے جاری سرحد پار دہشت گردی کے باوجود، پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے متعدد سفارتی اور معاشی اقدامات کیے۔
تاہم، آرمی چیف نے افسوس کا اظہار کیا کہ انڈیا کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہوں، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند، کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کے بجائے افغان طالبان حکومت ان گروہوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پر پاک کر دیا جائے گا۔
