Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وادی الدواسر میں 7.8 ملین ریال لاگت کے دو پولٹری فارمنگ منصوبے

’یہ منصوبے مجموعی طور پر 50 ملین مربع میٹر سے زائد رقبے پر قائم کئے جائیں گے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت نے وادی الدواسر میں دو سرمایہ کاری معاہدوں پر دستخط کئے ہیں جن کا مقصد مرغیوں کی افزائش اور پیداوار کے منصوبے قائم کرنا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق دو پولٹری فارموں پر مشتمل یہ منصوبے مجموعی طور پر 50 ملین مربع میٹر سے زائد رقبے پر قائم کئے جائیں گے جن کی مجموعی سرمایہ کاری مالیت 7.8 ملین ریال ہے۔
یہ معاہدے وزارت کی ان کوششوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد نجی شعبے کو حیوانی پیداوار میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا، مرغی کے گوشت کی مصنوعات میں خود کفالت کی شرح بڑھانا اور غیر تیل آمدنی کے ذرائع کو تقویت دینا ہے تاکہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔
ریاض ریجن میں وزارت کے شاخ کے ڈائریکٹر جنرل علی بن محمد المنصور نے کہا ہے کہ ’یہ دونوں منصوبے زرعی زمینوں میں بہترین سرمایہ کاری کی ایک مثالی مثال ہیں جو علاقے میں پولٹری پیداوار کی صلاحیت بڑھانے، براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور حیوانی مصنوعات کی سپلائی چین کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے خصوصاً ان علاقوں میں جو اسٹریٹجک اہمیت اور مکمل لاجسٹک خدمات رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ریاض ریجن میں حیوانی پیداوار کے منصوبوں کی تعداد اس وقت 301 ہے جن میں 184 گوشت کے لیے مرغیوں کے منصوبے شامل ہیں جن کی سالانہ پیداوار 354 ملین کلوگرام سے زیادہ ہے، 46 انڈے دینے والی مرغیوں کے منصوبے ہیں جن کی پیداوار 3.2 بلین انڈوں سے تجاوز کر چکی ہے، اس کے علاوہ 29 بریڈر منصوبے سالانہ تقریباً 203 ملین چوزے پیدا کرتے ہیں جب کہ انڈے دینے والی بریڈر مرغیوں کے دو منصوبے سالانہ قریب 11 ملین چوزے تیار کرتے ہیں۔

شیئر: