Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کے پارکوں اور عوامی مقامات میں سمارٹ مانیٹرنگ سسٹم نصب

’یہ نظام 1600 سے زائد کیمروں پر مشتمل ہے جو عوامی پارکوں میں نصب کئے گئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض میونسپلٹی نے دارالحکومت کے پارکوں اور عوامی میدانوں میں سمارٹ مانیٹرنگ سسٹم نصب کردیئے گئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس کا مقصد مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے ذریعے سلامتی اور تحفظ کو بہتر بنانا ہے۔
یہ نظام 1600 سے زائد کیمروں پر مشتمل ہے جو عوامی پارکوں میں نصب کئے گئے ہیں اور 24 گھنٹے فعال رہتے ہیں تاکہ غیر قانونی رویوں کی نگرانی، ڈیٹا کا تجزیہ اور ہنگامی حالات میں فوری کارروائی کو ممکن بنایا جائے۔
یہ سمارٹ نظام بے ہوشی کے واقعات کی شناخت، بچوں کی سلامتی کی نگرانی اور لاپتہ افراد کی تلاش کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
اسی طرح یہ غیر قانونی اجتماعات اور خلاف ورزیوں جیسے آگ جلانا، پودوں کو نقصان پہنچانا، دیواروں پر لکھائی کرنا یا عوامی سہولیات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنا وغیرہ کا خودکار طریقے سے سراغ لگا کر نگران عملے کو فوری طور پر اطلاع دیتا ہے تاکہ مناسب کارروائی کی جا سکے۔
یہ منصوبہ ریاض میونسپلٹی کے مرکزی کنٹرول رومز کے ساتھ براہِ راست ڈیجیٹل رابطے کے ذریعے مربوط ہے جس سے شکایات پر کارروائی کی مؤثریت میں اضافہ اور خدمات کے معیار و پائیداری میں بہتری آتی ہے۔
علاوہ ازیں یہ نظام باقاعدہ رپورٹس تیار کرتا ہے جو آپریشنل منصوبہ بندی کی معاونت اور مستقبل میں پارکوں کے بہتر انتظام میں مدد دیتی ہیں۔
یہ منصوبہ ریاض میونسپلٹی کی شہری ترقی کی حکمتِ عملی کے نمایاں اقدامات میں سے ایک ہے جو سمارٹ انفراسٹرکچر کی کارکردگی کو بلند کرنے اور مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق زیادہ محفوظ اور بہتر معیارِ زندگی والی شہریوں کی تخلیق کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

شیئر: