جدہ سیزن میں سعودی آرامکو فارمولا فور کا انعقاد ہوگا
جمعرات 6 نومبر 2025 11:43
’تیسرا راؤنڈ 10 اور 11 نومبر کو منعقد ہوگا اس کے بعد چوتھا راؤنڈ 14 اور 15 نومبر کو ہوگا‘ ( فوٹو: سبق)
دنیا کی تیز ترین سٹریٹ سرکٹ سمجھی جانے والی جدہ کورنیش سرکٹ ایک بار پھر آرامکو سعودی فارمولا 4 چیمپئن شپ کی میزبانی کے لیے تیار ہے جو بین الاقوامی آٹوموبائل فیڈریشن سے منظور شدہ ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ مقابلہ جدہ سیزن کی سرگرمیوں کا حصہ ہے اور اپنی آئندہ ریسوں کے ساتھ سعودی عرب میں واپسی کر رہا ہے۔
تیسرا راؤنڈ 10 اور 11 نومبر کو منعقد ہوگا اس کے بعد چوتھا راؤنڈ 14 اور 15 نومبر کو جبکہ پانچواں اور آخری راؤنڈ 5 اور 6 دسمبر کو منعقد کیا جائے گا۔

چیمپئن شپ کا جدہ سیزن کے پروگرام میں شامل ہونا اس شہر کی حیثیت کو موٹر سپورٹس اور تفریح کی عالمی منزل کے طور پر مزید مستحکم کرتا ہے کیونکہ یہ سیزن بین الاقوامی معیار کے ایونٹس پیش کرتا رہتا ہے جو جوش، تخلیق اور جدہ کی زندہ دل روح کے ساتھ سعودی عرب کے نئے وژن کی امنگوں کو ظاہر کرتے ہیں۔
بحرین میں ہونے والے افتتاحی دو راؤنڈز نے شاندار آغاز فراہم کیا جن میں زبردست مقابلے اور رائیڈروں کی متاثرکن کارکردگی دیکھنے میں آئی۔
آدم الازہری اور کیت بيلوفسكی نے دو دو فتوحات کے ساتھ نمایاں برتری حاصل کی جبکہ نينا جادمان اور آری بانسال نے بھی اپنی شاندار ڈرائیونگ سے سب کی توجہ حاصل کی۔
اب جب کہ مقابلے جدہ منتقل ہو رہے ہیں توش و خروش کی فضا مزید بڑھ گئی ہے اور شائقین کو دنیا کی تیز ترین سٹریٹ سرکٹ پر نئے سنسنی خیز مقابلوں کا انتظار ہے۔

جدہ کے راؤنڈز میں ناظرین کے لیے ریسنگ اور تفریح کا ایک جامع تجربہ پیش کیا جائے گا جس میں مختلف عمر کے افراد کے لئے سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
ان میں ’موٹر مینیا‘ نامی ایک نئی علاقائی موٹر سپورٹس چیمپئن شپ بھی شامل ہے جو ٹائم اٹیک نظام پر مبنی ہے۔
اس کا مقصد سعودی عرب اور خطے میں ریسنگ کلچر کو فروغ دینا ہے جہاں نئے اور پیشہ ور ڈرائیورز اپنی مہارتوں کو ایک پیشہ ورانہ، مسابقتی ماحول میں آزما سکیں گے جو رفتار اور درستگی پر مرکوز ہے۔