Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں فری لانس ویزے معطل کرنے کی اطلاعات بے بنیاد

دبئی کے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن و شناخت بریگیڈیئر محمد المری نے فری لانس ویزوں کا اجرا معطل کرنے کے حوالے سے اطلاعات کو مسترد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فری لانس ویزے ’گرین اقامہ‘ کا اجرا حسب معمول جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر پابندی کے حوالے سے افواہیں بے بنیاد ہیں۔
امارات الیوم سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر المری کا کہنا تھا کہ ویزے کے اجرا کے پروسس کو سخت کیا گیا ہے تاکہ اس ویزے کے غیرمناسب استعمال کرنے کی کوششوں کا سدباب کرتے ہوئے مارکیٹ کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کچھ عرصہ سے اس قسم کی باتیں سننے کو مل رہی تھیں کہ ریاست میں آزاد کام کرنے کے ویزے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جو درست نہیں۔
حکومت کی جانب سے آزاد کام کرنے والے تجارت پیشہ افراد اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کے حامل افراد کو گرین اقامہ حسب معمول جاری کیا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر امیگریشن و شناخت نے زوردیا کہ ریاست شاندار مستقبل اور لچکدار معیشت کو پروان چڑھانے اور اس کی مدد کے لیے مثبت انداز میں بڑھ رہی ہے، اس قسم کی افواہیں معاشرے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا سکتی، حکومت کا ہدف حقوق کا تحفظ کرنا ہے کسی قسم کی دشواری پیدا کرنا نہیں۔
واضح رہے امارات کا گرین اقامہ یا ’فری لانس ویزا‘ حکومت کی جانب سے اقتصادی ترقی اور ذاتی کام کو رائج کرنے اور باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی کرنے کا قدم ہے۔

 

شیئر: