Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایکواڈور کی جیل میں تشدد کے دوران کم از کم 31 قیدی ہلاک، درجنوں زخمی

حکام کا کہنا ہے کہ ایلیٹ فورس نے جیل کا کنٹرول سنبھال لیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی امریکہ کے ملک ایکواڈور کی جیل میں ہنگامے کے باعث کم سے کم 31 قیدی ہلاک جبکہ درجنوں کی تعداد میں زخمی ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعہ اتوار کو علی الصبح تین بجے کے قریب صوبہ ایل اورو کے شہر مچالا کی جیل میں پیش آیا۔
جیل حکام کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہنگامے کے دوران ہونے والی فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہوئے جبکہ 27 قیدی دم گھٹنے کی وجہ سے جان سے گئے۔
حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے سے مزید تفصیلات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس کے لیے فرانزک ٹیم بھی جیل پہنچ چکی ہے۔
اس واقعے کو بھی ڈرگ گینگز کے درمیان اسی لڑائی کے واقعے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔
ایکواڈور کی جیلیں غیرقانونی مگر منافع بخش منشیات کی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے لیے کے ایسے آپریشنل سینٹرز کے طور پر سامنے آتی رہی ہیں جہاں ان کا حریفوں سے سامنا ہوتا ہے اور لڑائیاں بھی، اب تک ہونے والے مختلف ایسے واقعات میں 500 سے زائد قیدی ہلاک ہو چکے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کو اندر ہونے والی فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جبکہ دیگر قیدی چیختے اور باہر نکالنے کے لیے آوازیں لگاتے رہے۔
جیل حکام کے مطابق واقعے میں 33 قیدی اور ایک پولیس افسر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ کی آوازیں آنے کے بعد جیل کے عملے نے صورت حال کو سنبھالنے کی کوشش کی جبکہ باہر سے بھی ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے اندر جا کر جیل کا کنٹرول سنبھالا۔
حکام کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ہے کہ واقعہ دو گینگز کے درمیان لڑائی کی وجہ سے پیش آیا یا پھر اس کی وجہ کچھ اور تھی۔
تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ اس پرتشدد واقعے کا تعلق کچھ قیدیوں کو ایک اور ہائی سکیورٹی جیل میں منتقل کیے جانے سے متعلق ہے جس کو حال ہی میں حکومت کی جانب سے نوبووا صوبے میں تعمیر کیا گیا ہے اور رواں ماہ اس کا افتتاح ہونا ہے۔
ستمبر کے اواخر میں بھی مچالا جیل کے اندر ایک مسلح لڑائی ہوئی تھی جس کے نتیجے میں 13 قیدیوں کے علاوہ عملے کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوا تھا۔

شیئر: