حج و عمرہ کانفرنس 2025: امسال زائرین کی تعداد 2 لاکھ سے زائد رہی
حج و عمرہ کانفرنس 2025: امسال زائرین کی تعداد 2 لاکھ سے زائد رہی
جمعرات 13 نومبر 2025 18:31
نمائش میں 3 ہزار سے زیادہ معاہدے کیے گئے ( فوٹو، ایس پی اے)
وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل حج وعمرہ کانفرنس و نمائش کا پانچواں ایڈیشن غیرمعمولی طورپر کامیاب رہا۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں زائرین کی تعداد 70 فیصد زیادہ رہی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے جدہ میں ہونے والی سالانہ حج و عمرہ کانفرنس ونمائش 1447 ہجری کے حوالے سے بتایا کہ اب تک مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 10 لاکھ سے زائد عازمین کو خدمات کی فراہمی کے لیے معاہدے کیے جاچکے ہیں۔ قبل از وقت معاہدوں کی تکمیل سے بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
وزیر حج کا مزید کہنا تھا کہ کانفرنس و نمائش کے پانچویں ایڈیشن میں زائرین کی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار سے زائد رہی جو کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 70 فیصد زیادہ ہے ۔
کانفرنس و نمائش میں 150 ممالک کے ذمہ داروں نے شرکت کی(فوٹو، ایس پی اے)
نمائش میں 150 ممالک کے ذمہ داروں جبکہ 270 سے زائد کمپنیوں اور اداروں نے شرکت کی ۔
حکومتی اور نجی شعبوں میں اسٹراٹیجک شراکت داری کے 3 ہزار سے زائد معاہدوں پر دستخط کیے گئے جن میں حج مشنز، عازمین کو خدمات فراہم کرنے والے ادارے ، کیٹرنگ سروسز، ٹرانسپورٹ و عازمین کے رہائشی امور کے ذمہ دار ادارے شامل تھے۔
واضح رہے حج عمرہ کانفرنس کا پانچواں ایڈیشن جدہ سپرڈوم میں 9 نومبر کو شروع ہوا تھا جو 12 نومبر تک جاری رہا۔
نمائش و کانفرنس میں مختلف ممالک کے حج مشنز ، نجی حج خدمات فراہم کرنے والے ادارے اور مقامی سطح پر حج سروسز سے منسلک کمپنیوں کے علاوہ سعودی عرب کی مختلف وزارتوں نے اپنی خدمات کے حوالے سے اسٹالز لگائے اور زائرین کو حج امور کے حوالے سے پیش کی جانے والی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔
حج وعمرہ کانفرنس ہربرس سپرڈوم جدہ میں منعقد کی جاتی ہے(فوٹو، ایس پی اے)
حکومتی اداروں کے اعلی عہدیداروں نے حج خدمات کے حوالے سے مختلف امور پر روشنی ڈالی جن میں وزارت حج ، وزارت داخلہ، امن عامہ ، عازمین کو آب زم زم فراہم کرنے والے ادارے، بلدیات ، شہری دفاع و دیگر ادارے شامل تھے۔