Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممنوع مقامات پر گاڑی کو اوورٹیک کرنے پر کتنا چالان ؟

خطرناک یا اندھے موڑ پر اوورٹیک کرنا منع ہوتا ہے(فوٹو ، ایکس اکاونٹ)
ٹریفک پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ان شاہراہوں اور مخصوص مقامات پر جہاں اوورٹیک کرنا منع ہے وہاں ریکارڈ ہونے والی خلاف ورزی پر 2000 ریال تک جرمانہ کیا جاتا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بعض ایسی شاہراہیں ہیں جہاں گاڑیوں کو حد رفتار کم رکھتے ہوئے سیدھی لائن میں چلنے کی ہدایت کی جاتی ہے وہاں دوسری گاڑی کو کراس کرنے کی ممانعت کا بورڈ بھی لگا ہوتا ہے ۔
ان مقامات پر جہاں اوورٹیک کرنے کی ممانعت کا سائن ہوتا ہے وہاں یہ خلاف ورزی ریکارڈ ہونے کی صورت میں کم سے کم ایک ہزار جبکہ زیادہ سے زیادہ دو ہزارریال کا چالان کیا جاتا ہے۔
واضح رہے جن مقامات پر گاڑیوں کو اوورٹیک کرنا منع ہوتا ہے ان میں خطرناک موٹر والی شاہراہیں یا جہاں چڑھائی بہت زیادہ ہو اور سڑک بھی بل دار ہو اس صورت میں تیز رفتاری سے اوور ٹیک کرنا خطرے کا باعث ہو سکتا ہے۔
ٹریفک ضوابط کے مطابق دیگر سنگین خلاف ورزیوں میں سگنل توڑنا اور ان شاہراہوں پر جہاں یو ٹرن کے لیے گاڑیوں کی قطار لگی ہو اس میں غلط طریقے سے داخل ہونا شامل ہے۔
خیال رہے مملکت کے تمام شہروں میں ’ای چالان‘ سسٹم رائج ہے۔ بیشتر شہروں کے چوراہوں پر اسمارٹ کیمرے نصب ہیں جن کے ذریعے خلاف ورزی فوری ریکارڈ کی جاتی ہے ۔

شیئر: