Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ڈاکارریلی 2026 کا شیڈول جاری، 3 جنوری سے آغاز ہوگا

ریلی کے شرکا کی تعداد 812 ہے جن میں 69 خواتین بھی شامل ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی موٹر اسپورٹس کمپنی نے ڈاکارریلی 2026 کے شیڈول کا آعلان کردیا ہے۔ سعودی فیڈریشن فار آٹوموبائل اینڈ موٹر سائیکل اور وزارت کھیل کی زیرنگرانی ہونے والی پریس کانفرنس میں ریلی کے انعقاد کی تفصیلات سے مطلع کیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق جدہ کورنیش میں منعقدہ پریس کانفرنس  میں سعودی فیڈریشن آف آٹو موبائل اینڈ موٹرسائیکل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ خالد بن سلطان بن عبداللہ اور ای ایس او کے ڈائریکٹر جنرل یان لومان اور ریلی کے ڈائریکٹر ڈیوڈ کاسٹرا کے علاوہ وزارت اسپورٹس کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی آٹوموبائل فیڈریشن کے چیئرمین نے  کہا ’مملکت میں ہر برس دنیا کی سب سے مشکل ریلیوں کی میزبانی کی جاتی ہے ، ہر ریلی ایک نیا تجربہ ہوتی ہے جس سے عالمی سطح پر حیثیت میں اضافہ ہوتا ہے، سعودی ڈاکارریلی 2026 کا راستہ ریتلے ٹیلوں سے لے کر بلند وبالا پہاڑوں تک ہوگا جس سے مملکت کے قدرتی تنوع کی خوبصورتی نمایاں ہوگی ‘۔
شہزادہ خالد بن سلطان نے مزید کہا ’ہمارے چیمپیئن یزید الراجی نے سعودی عرب کے خواب کو حقیقت میں بدلا ، وہ نوجوانوں اور نسلِ نو کے لیے آئیڈیل ہیں‘۔

ریلی کی مجموعی مسافت 7994 کلومیٹر مقرر کی گئی ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)

 سعودی ڈاکارریلی 2026 میں 69 ممالک کے ڈرائیورز شرکت کریں گے جبکہ مجموعی شرکاء کی تعداد 812 ہے جن میں   39 خواتین شامل ہیں۔ ریلی کو مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔
ڈاکارریلی کے لیے مجموعی طورپر  7994 کلو میٹر  مسافت طے کرنا ہوگی جس میں 4840 کلومیٹر خاص مراحل پرمشتمل ہیں جن میں ٹائمنگ کو نوٹ کیاجائے گا۔
سعودی ڈاکارریلی 2026 کا آغاز ینبع کے ریڈ سی ساحل سے 3 نومبر کو کیا جائے گا۔ شرکا جغرافیائی تنوع اور ایڈونچر سے بھرپور سفر کا آغاز کریں گے جو العلا ، حائل ، ریاض ، وادی الدواسر ، بیشہ اور حناکیہ سے ہوتا ہوا 17 جنوری کو ینبع میں ختم ہوگا۔

شیئر: