الباحہ ریجن میں آسمان پر چھائے گہرے بادل، موسم اور بھی دلکش
موسم سرما نے پورے علاقے کے حسن کو دوبالا کردیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی بارش کا آغاز ہوتے ہی موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا ہے۔
پہاڑی مقامات کے تفریحی پارکوں میں لوگ بڑی تعداد میں موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق الباحہ ریجن اور اس کی کمشنریاں المندق، القری ، قلوہ، بنی حسن، المخواہ اور بلجرشی کے آسمان پر چھائے گہرے بادلوں سے موسم اور بھی دلکش ہو گیا ہے۔
موسم سرما نے پورے علاقے کے حسن کو دوبالا کردیا، پہاڑی علاقے کے درخت اور پودے بارش سے دھل کر صاف ہوگئے جس سے علاقے کی رونقیں بڑھ گئی ہیں۔

موسم برسات کے حوالے سے گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص کر بارش کے دوران سلامتی ضوابط کا خصوصی خیال رکھیں۔
