دو سعودی بھائیوں کی ایمانداری، گورنر تبوک نے اعزاز سے نوازا
صحرائی علاقے سے ملنے والے خطیر رقم پولیس کے حوالے کی تھی۔(فوٹو: ایس پی اے)
گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز نے دو سعودی بھائیوں کو ان کی ایمانداری پر اعزاز سے نوازا ہےجنہوں نے صحرائی علاقے سے ملنے والے خطیر رقم پولیس کے حوالے کی تھی۔
عاجل نیوز کے مطابق تبوک ریجن کی تیما کمشنری کے رہائشی دو بھائی محمد اور صیاح العطوی اونٹوں کو چرانے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ راستے میں انہیں کپڑے کا تھیلا ملا جو نوٹوں سے بھرا ہوا تھا۔
دونوں بھائیوں نے فوری طور پر تھیلے کو قریبی پولیس سٹیشن میں جمع کرا دیا تاکہ رقم اس کے اصل مالک تک پہنچ سکے۔
ان کی دیانتداری کے بارے میں جب گورنر تبوک کو علم ہوا تو انہوں نے فوری طورپر دونوں بھائیوں کو گورنریٹ میں مدعو کیا اور انہیں اعزاز سے نوازا۔
گورنر تبوک نے دونوں بھائیوں سے مصافحہ کرتے ہوئے کہا ’دیانتداری کی مثال آپ نے پیش کی وہ وطن عزیز کے بیٹوں کا خاصہ ہے۔
گورنر نے دونوں بھائیوں کو نہ صرف اعزاز سے نوازا بلکہ نقد انعام بھی دیا ہے۔
