سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان ’اے آئی سٹریٹجک پارٹنرشپ‘ پر دستخط
سعودی عرب اور امریکہ نے بدھ کو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سٹریٹجک پارٹنرشپ پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے امریکی ہم منصب مارکو روبیو نے دستخط کیے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق جاری مشترکہ بیان میںٖ اسے دوطرفہ تعلقات کے نئے دور کا تاریخی قدم قرار دیا گیا۔
یہ معاہدہ سعودی ولی عہد کی وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے موقعے پر ہوا ہے۔
بیان میں کہا گیا ’یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہے جس سے اختراعی اور تکنیکی صلاحیت کو فروغ ملے گا۔ مستقبل کی جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال دونوں ممالک کی اقتصادی خوش حالی میں بھی اضافے کا باعث ہوگا۔
سٹریٹجک شراکت داری کے تحت جدید سیمی کنڈکٹر کی فراہمی، مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز کی ترقی، جدید مصنوعی ذہانت انفراسٹرکچر اور قومی صلاحیتوں کو فروغ دینا شامل ہے جس کے نتیجے میں پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ دونوں ممالک کے لیے ترقی و خوشحالی کے نئے در کھلیں گے۔
فریقین نے صحت، توانائی، تعلیم، کان کنی اور ٹرانسپورٹیشن جیسے اہم شعبوں میں مستقبل کی ٹیکنالوجیز کے حوالے سے بھی شراکت داری پر زور دیا جس سے سعودی اور امریکی کمپنیوں کے اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
