’دی رنگ IV‘ کے فائٹرز کا پریکٹس سیشن، شائقین کی شرکت
جمعرات 20 نومبر 2025 11:38
ریاض سیزن کے زونز میں سے ایک، بلیواڈ سٹی میں، فائٹرز نے ’دی رِنگ IV‘ ایونٹ کے پبلک ٹریننگ سیشن میں پریکٹس کی۔ یہ سیشن بڑی فائٹ نائٹ کی آخری تیاریوں کے حصے کے طور پر منعقد کیا گیا تھا، جو ہفتے کو اے این بی ارینا میں ہوگی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ورک آؤٹس نے مقابلہ کرنے والوں کی تیاری کی واضح جھلک پیش کی، کیونکہ کارڈ کے فائٹرز باری باری رِنگ میں اترے۔
سیشن کا آغاز ابتدائی مقابلوں میں حصہ لینے والے فائٹرز کے ساتھ ہوا، جن میں جوان کارلوس گیریٹو، بارکر سِوانیانا، جولیو پورراس رُوئز، اور پیئس ایمپینڈا شامل تھے۔
سیشن میں سعودی باکسر سلطان المحمد کی بھی بھرپور موجودگی دیکھنے کو ملی جبکہ ان کے حریف اُمیش چوان نے اپنی ٹریننگ میں جارحانہ انداز دکھایا، جو ان کی فائٹ کی تیاری ظاہر کر رہا تھا۔
ایک نمایاں لمحہ سعودی فائٹر محمد العاقل کی آمد کا تھا جنہیں حاضرین نے جوش و خروش کے ساتھ خوش آمدید کہا۔ وہ چین کے جیامینگ لی کے خلاف کھیلیں گے۔
سیشن کے آخری حصے میں امریکی ویتو میلنیکی جونیئر اور ان کے حریف سیموئیل نمومہ، برطانیہ کے سیم نوکس اور امریکی عبداللہ میسن فائٹرز رنگ میں نظر آئے۔ اس کے علاوہ ’بام‘ روڈریگیز اور فرنینڈو مارٹینیز نے بھی پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔

پبلک ٹریننگ سیشن کا اختتام بڑے مقابلوں کے ستاروں کی آمد کے ساتھ ہوا، جب امریکی ڈیون ہینی نے تکنیکی مہارت دکھائی اور اپنی تیاری برائن نارمن جونیئر کے خلاف دکھائی۔ اس کے بعد امریکی ڈیوڈ بیناویدیز اور بعد میں برطانیہ کے انتھونی یارڈ نے بھی رنگ میں قدم رکھا۔
مداحوں نے ان سب کی کارکردگی پر زبردست ردعمل ظاہر کیا کیونکہ یہ سب متوقع فائٹ نائٹ سے پہلے کی فائنل تیاریوں کے مناظر دیکھ رہے تھے۔