Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن 2025 میں بیسٹ لینڈ کا شاندار آغاز، 2 ملین ریال کے انعامات کا اعلان

بالآخر ’بیسٹ لینڈ زون‘ ریاض سیزن 2025 میں باضابطہ طور پر کھل گیا ہے جس میں دنیا کے مشہور کونٹینٹ کریئیٹر جمی ڈونلڈسن، جنہیں مسٹر بیسٹ کے نام سے جانا جاتا ہے، نے شرکت کی۔
جمعرات کی شب عالمی شہرت یافتہ سٹار نے وزیٹرز کے ساتھ مل کر اس ایونٹ کا زبردست جشن منایا جہاں انہوں نے اپنے مشہور آن لائن چیلنجز کو حقیقی زندگی کے مقابلوں کی صورت میں پیش کیا۔
تقریب میں مداحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جو اس آن لائن سٹار سے ملنے کے لیے بے چین تھے، جن کے یوٹیوب چینل کے سب سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں اور جو دنیا کا مقبول ترین چینل ہے۔
مہمانوں نے پُرجوش مقابلوں اور دلچسپ سرگرمیوں میں حصہ لیا جنہوں نے تفریح اور تخلیقی صلاحیت کو ایک ساتھ جوڑ دیا۔ یہ رواں برس کے سیزن کی سب سے متحرک افتتاحی تقریبات میں سے ایک ہے۔
شرکا میں خالد الصباغ بھی شامل تھے جو اپنی بیٹی جولیا کے ساتھ افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔
عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے الصباغ نے کہا کہ ’میں آج افتتاحی تقریب میں آ کر بہت خوش ہوں۔ میری بیٹی جولیا مسٹر بیسٹ کی بہت بڑی مداح ہے اور وہ تمام گیمز کھیلنے اور مسٹر بیسٹ کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہے۔‘
جولیا نے کہا کہ ’میں مسٹر بیسٹ کی بہت بڑی مداح ہوں۔ میں سب گیمز کھیلنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہی ہوں۔‘

بیسٹ لینڈ میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کے لیے روزانہ نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

روسی یوٹیوبر ولاد تارسوف نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’میں روس سے ہوں اور ہم خاص طور پر اس پارک کے افتتاح کے لیے  آئے ہیں تاکہ مسٹر بیسٹ سے ملنے کی کوشش کر سکیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم بہت پُرجوش ہیں، یہ جگہ بہت خوبصورت ہے، خاص طور پر رات کے وقت۔ ہماری مسٹر بیسٹ سے ملاقات بھی ہو گئی، وہ لمحہ ناقابل یقین تھا۔ ہمیں نہیں لگا تھا کہ یہ ممکن ہوگا لیکن کسی طرح ہو گیا۔‘
تارسوف نے اس تجربے کو ’غیر معمولی اور حیرت انگیز‘ قرار دیا اور مزید کہا کہ بیسٹ لینڈ، تخلیقی طور پر اور ڈیزائن کے لحاظ سے ان کی توقعات سے بھی بڑھ کر ہے۔
سعودی شہری معان السمسون جو اپنے دوستوں کے ساتھ آئے تھے، نے کہا کہ ’ہم مسٹر بیسٹ کے بیسٹ لینڈ میں ہیں اور اس دن اور ریاض سیزن 2025 کے لیے بہت پُرجوش تھے۔‘
’ہم نے ابھی ایک گیم میں حصہ لیا اور دو کوششوں کے بعد آخرکار کامیاب ہو گئے۔ ہم بہت خوش اور پُرجوش ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ تجربہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔‘

بیسٹ لینڈ کے شرکا مسٹر بیسٹ کو دیکھنے کے لیے بے تاب تھے۔ (فوٹو: عرب نیوز)

بیسٹ لینڈ کے مرکز میں بیسٹ ارینا واقع ہے جہاں شرکا مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں اور چیلنجز میں کامیابی حاصل کرنے پر دو ملین سعودی ریال (پانچ لاکھ 33 ہزار ڈالر) سے زیادہ انعامات جیت سکتے ہیں۔ یہ چیلنجز مہارت، ذہانت اور برداشت کو آزماتے ہیں۔
شرکا ہر دن مختلف دلچسپ کھیل مکمل کرکے پوائنٹس حاصل کریں گے، اور بہترین کارکردگی دکھانے والوں کے لیے روزانہ نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔
اس سیزن کا بڑا انعام اس شخص کو دیا جائے گا جس نے مقابلے کی مدت کے اختتام پر سب سے زیادہ مجموعی سکور حاصل کیا ہو۔
ارینا کے علاوہ، بیسٹ لینڈ میں 20 سے زیادہ کھانے پینے کے مقامات بھی موجود ہیں۔
اب اپنی چھٹی ایڈیشن میں داخل ہونے والا ریاض سیزن 2025 دنیا کے سب سے بڑے فیسٹیول میں سے ایک ہے جس میں 11 مرکزی زون شامل ہیں۔

شیئر: