Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لینڈ اسکیپ مڈل ایسٹ ایوارڈ ، پرنس ماجد پارک جدہ کے نام  

ابوظبی میں ہونے والے مقابلے میں مختلف ممالک کے 300 پارکوں کو شامل کیا گیا(فوٹو، ایکس)
ابوظبی میں منعقد ہونے والی عالمی تقریب برائے ’لینڈ اسکیپ مڈل ایسٹ ایوارڈ 2025 ‘ کے لیے جدہ میونسپلٹی کو پرنس ماجد پارک پروجیکٹ کے لیے ’کمیونٹی امپیکٹ انگیجمنٹ اینڈ انکلوژن‘ ایوارڈ  کا حق دار قرار دیا گیا۔
سبق نیوز کے مطابق تقریب میں مختلف ممالک کے 300 سے زائد تفریحی پروجیکٹس کے درمیان مقابلے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں جدہ کے معروف امیر ماجد پارک کو ایوارڈ کے لیے چنا گیا۔
ایوارڈ کا انتظام لینڈ اسکیپ کمپنی برائے مشرق وسطی نے انٹرنیشنل یونین آف انوائرمنٹل آرکیٹیکٹس اور سعودی سوسائٹی فار انوائرمنٹل آرکیٹیکچر کے اشتراک  سے کیا تھا۔
مقابلے کا مقصد عوامی تفریحی مقامات کے ڈیزائن اور ترقی کے ذریعے زندگی کے معیار کو بہتر بنانے اور سماجی شرکت کو فروغ دینے والے منصوبوں کو نمایاں کرنا تھا تاکہ انہیں عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے۔

جدہ میں مقیم مختلف کمیونٹی کے علاوہ عمرہ زائرین بھی پارک میں آتے ہیں(فوٹو، ایکس )

پرنس ماجد پارک جو کہ جدہ کا ایک اہم تفریحی مقام ہے جہاں مختلف کمیونٹی کے افراد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ویک اینڈ پر لازمی جاتے ہیں علاوہ ازیں مختلف ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین کی بھی بڑی تعداد اس پارک میں دیکھی جاتی ہے۔
پارک کی تزئین و آرائش کے بعد یہاں بہترین تفریحی ماحول فراہم کیا گیا ہے جو مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے۔

شیئر: