رمضان کے آخری عشرے میں ہائی سپیڈ حرمین ٹرین کے یومیہ 140 ٹرپس
بڑی تعداد میں زائرین مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان سفر کرتے ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ریلوے نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسافروں کی سہولت کے پیش نظر ہائی سپیڈ حرمین ٹرین کے یومیہ ٹرپس کو بڑھا کر 140 کر نے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق رمضان المبارک میں اندرون اور بیرون بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین بڑی تعداد میں مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان سفر کرتے ہیں۔
انتظامیہ نے رمضان آپریشنل پلان کے تحت ریلوے سروس کے 3662 ٹرپس مخصوص کیے ہیں جن کے ذریعے 1.7 ملین نشستوں کی سہولت فراہم کی گئی۔
واضح رہے ہائی سپیڈ حرمین ریلوے مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ کے لیے مخصوص ہے جس کی انتہائی رفتار 300 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔
حرمین ریلوے سے مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ کے درمیان سفر کا دورانیہ دو گھنٹے کم ہوجاتا ہے۔

سعودی ریلوے کا امتیاز وقت کی پابندی ہے تاکہ زائرین اپنے شیڈول کے مطابق حرمین شریفین میں زیادہ سے زیادہ وقت گزار سکیں۔
مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ جانے والی حرمین ٹرین رابغ شہرمیں کنگ عبداللہ اکنامک سٹی وہاں سے جدہ ایئرپورٹ اور جدہ شہر کے سلیمانیہ اسٹیشن سے ہوتی ہوئی مکہ مکرمہ جاتی ہے۔ واپسی پر بھی یہی روٹ ہوتا ہے۔
