سعودی وزیر خارجہ کا عرب اور یورپی رہنماؤں کے ساتھ علاقائی کشیدگی پر تبادلۂ خیال
اجلاس میں ایران کے متعدد ملکوں پر ہونے والے بزدلانہ حملوں کی مذمت کی گئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کو جی سی سی ممالک، مصر، لبنان، عراق، شام اور آرمینیا کے رہنماؤں کے ساتھ ورچوئل اجلاس میں شرکت کی۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ ورچوئل اجلاس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی نیابت کر رہے تھے۔
اجلاس میں 28 فروری کو ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں حملوں کے پھیلاؤ اورعلاقائی کشیدگی پر بات کی گئی۔
اجلاس میں ایران کے متعدد ملکوں پر ہونے والے بزدلانہ حملوں کی مذمت کی گئی جس میں شہریوں، اہم انفراسٹرکچر اور سفارتی مشنز کو نشانہ بنایا گیا۔
یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے اجلاس میں شریک ملکوں کے ساتھ اپنے سٹریٹیجک اور اہم تعلقات کا ذکر کیا اور ان مشکل حالات میں مکمل یکجہتی کا اظہارکیا۔
علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو بڑھانے، شہریوں کے تحفظ، بین الاقوامی قانون، انسانی قانون کا احترام کرنے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری کے لیے مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیر خارجہ برائے بین الاقوامی کثیر جہتی امور ڈاکٹر عبدالرحمن الرسی، یورپی یونین ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر طلال العنری، ایشین افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ناصر الغنوم نے شرکت کی۔
