سعودی عرب کی معیشت مضبوط، جی ڈی پی میں 4.5 فیصد اضافہ ریکارڈ
رپورٹ میں کہا گیا کہ نان آئل سیکٹر میں شرح نمو 4.9 فیصد رہی (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے جی ڈی پی میں گزشتہ برس 2025 میں 4.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مجموعی خام پیداوار اور مستحکم گھریلو طلب نے ترقی کو تیز کرنے میں مدد کی۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا کہ’ نان آئل سیکٹر میں شرح نمو 4.9 فیصد رہی جبکہ تیل کے شعبے میں 5.7 فیصد اور حکومتی سرگرمیوں میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 0.9 فیصد اضافہ ہوا۔‘
نجی شعبے کے اخراجات میں 3.5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سرکاری اخراجات اور سرمایہ کاری میں کمی دیکھی گئی۔ برآمددات میں 8.9 فیصد اوردرآمدات میں 4.7 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
سال 2025 میں مملکت کی مجموعی قومی پیداوار تقریبا 4789 ارب ریال رہی، جس میں خام تیل اور قدرتی گیس کے شعبے کا حصہ سب سے زیادہ رہا جو 17.1 فیصد تھا۔
اقتصادی شعبوں میں سب سے زیادہ ترقی ہول سیل اور ریٹل سیکٹر میں دیکھی گئی، ریستوران اور ہوٹلنگ کے شعبے میں 6.2 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مالیاتی اور کاروباری و سروسز کے شعبوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ برس کی آخری سہ ماہی میں مضبوط ترقی دیکھنے میں آئی، معیشت میں سالانہ پانچ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، تیل کے شعبے کی سالانہ گروتھ 10.8 فیصد جبکہ نان آئل شعبے میں 4.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
