مشرقی ریجن میں صفوی، رحیمہ شاہراہ اور 3.2 کلو میٹر سمندری پل کا افتتاح
اتوار 23 نومبر 2025 20:56
مشرقی ریجن کے گورنر شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز نے منصوبے کا افتتاح کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں مشرقی ریجن کے گورنر شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز نے قطیف کمشنری میں صفوی مرکز اور راس تنورہ کمشنری کو جوڑنے والی 15 کلو میٹر طویل صفوی، رحیمہ شاہراہ کا افتتاح کیا جس کے درمیان 3.2 کلو میٹر سمندری پل بھی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہراہ کے افتتاح سے صفوی اور راس تنورہ میں رہنے والوں کو سہولت ہو گی جبکہ لاجسٹک سروسز بھی بہتر ہوں گی۔

مشرقی ریجن کے گورنر نے متعدد شاہراہوں کے دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا جن میں پانچ پل اور برساتی نالوں کی تعمیر کے علاوہ الیکٹرک پولز کی تنصیب شامل ہے۔
شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا’ مملکت کی اعلی قیادت کے پیش نظر شہری خدمات کے معیار کو بلند کرنا اور شاہراہوں کے معیار کو بہتربنانا ہے جس کے لیے قیادت کا بھر پور تعاون حاصل رہتا ہے۔‘

وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز انجیئنر صالح الجاسر نے اپنے خطاب میں کہا’ شاہراہ اور سمندری پل کے افتتاح سے ٹریفک روانی میں بہتری ہو گی جبکہ راس تنورہ کی بندرگاہ سے بھی لاجسٹک سروسز کے معیار میں بھی اضافہ ہوگا۔‘
سمندری پل کے بارے میں وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا ’اس پل کی تعمیر سے جہاں سامان کی ٹرانسپورٹیشن ہو گی وہاں ان علاقوں میں رہنےوالوں کو بھی آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔‘
