Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں 135 ملی میٹر ریکارڈ بارش، امدادی اداروں میں ہنگامی حالت

’الجوهرہ سٹیڈیم اور قرب وجوار کے علاقے میں 135 ملی میٹر بارش نوٹ کی گئی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جدہ میں آج منگل کو ہونے والی بارش ملک میں سب سے زیادہ قرار دی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ کے شمالی علاقوں میں پانچ گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی جبکہ الجوهرہ سٹیڈیم اور قرب وجوار کے علاقے میں 135 ملی میٹر بارش نوٹ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ سٹیشن نے 51 ملی میٹر بارش نوٹ کی ہے‘۔
’جبکہ البساتين محلے کے سٹیشن نے 81 ملی میٹر بارش نوٹ کی ہے‘
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق جدہ میں بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادھر سعودی ہلالِ احمر شدید بارش کے پیشِ نظر ہائی الرٹ کا اعلان کیا ہے۔ 
ہلال احمر نے کہا ہے کہ ’تمام ایمبولینس شعبوں میں ایمرجنسی پلان فعال کر دیا گیا ہے جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور میڈیکل ڈسپیچ یونٹ کی تیاری بھی بڑھا دی گئی ہے تاکہ بارش کی صورتحال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جا سکے اور ٹیموں کو بہترین آپریشنل معیارات کے مطابق فوری طور پر متاثرہ مقامات تک پہنچایا جا سکے‘۔
دریں اثنا جدہ میونسپلٹی نے بارش کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔
پانی کے جمع ہونے والے مقامات کو صاف کرنے اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کا کام جاری ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
میونسپلٹی نے 11 بلدیاتی علاقوں اور 15 سپورٹ مراکز کے تحت ٹیموں کو تعینات کیا ہے جنہیں 7,160 کارکنان اور 1,621 مشینری و آلات کی مدد حاصل ہے۔
 

شیئر: