جنگلی حیات کی انواع کو آئی بیکس ریزرو میں چھوڑنے کا اعلان
ماحولیاتی تحفظ و توازن کو برقرار رکھنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے تحفظ جنگلی حیات نے القدیہ انویسٹمنٹ کمپنی کے تعاون سے جنگلی حیات کی انواع کو آئی بیکس ریزرو میں چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق سینٹر کی جانب سے جنگلی حیات کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ و توازن کو برقرار رکھنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
مملکت کے وژن 2030 کے اہداف اور سعودی گرین انیشیٹیو کو مدنظر رکھتے ہوئے فطری ماحول کی پائیداری کے منصوبے پرقومی مرکز برائے تحفظ جنگلی حیات عمل پیرا ہے۔
جانوروں کو محفوظ جنگلات میں منتقل کرنے سے قبل ماہرین نے ان کی نشوونمو اور ان کےلیے موزوں ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا تاکہ وہ اپنے مطلوبہ ماحول میں پروان چڑھیں۔
مملکت کا نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف 2019 میں اپنے قیام کے بعد سے جنگلی حیات اور سمندری ماحولیاتی نظام کو درپیش چیلنجوں سے نمٹ رہا ہے، جس کا مقصد آنے والی نسلوں کے لیے ماحول کی حفاظت کرنا ہے۔
