سرحدی و اقامہ قوانین کی خلاف ورزیوں پر 22 ہزار غیرملکی گرفتار
ہفتہ 26 جولائی 2025 19:10
سرحد عبور کرکے بیرون فرار ہونے کی کوشش کرنے پر40 افراد کو بھی گرفتار کیا(فوٹو، ایکس)
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں سے امیگریشن و قانون محنت کی خلاف ورزیوں کے مرتکب 22 ہزار سے زائد غیرملکیوں کوحراست میں لے گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ اقامہ ، محنت اور سرحدی قوانین پرعمل نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون مہم جاری ہے۔
مملکت کے مختلف علاقوں کی گراونڈ ٹیموں نے 22 ہزار 497 غیر ملکیوں کو حراست میں لیا جن میں سے 13 ہزار 817 کو اقامہ قوانین پر عمل نہ کرنے جبکہ 5280 کو سرحدی خلاف ورزیوں اور 3400 کو محنت قوانین کی پاسداری نہ کرنے پرگرفتار کیا گیا۔
وزارت داخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیرقانونی طورپر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کرنے گرفتار ہونے والوں میں 38 فیصد یمنی جبکہ 61 فیصد ایتھیوپین باشندے شامل ہیں جبکہ 40 افراد کو غیرقانونی طریقے سے مملکت کی سرحد عبور کرکے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔
وزارت کے قانون کے مطابق کسی بھی غیرقانونی کو قیام و طعام و نقل وحمل کی سہولت فراہم کرنا سخت قانون شکنی ہے جس پر 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جاتا ہے۔
وزارت کی تفتیشی ٹیموں نے سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مملکت میں گھس جانے والے غیرقانونی افراد کو پناہ دینے کے الزام میں 15 افراد کو بھی گرفتار کرکے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا ہے جن سے تحقیقات جاری ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ سرحدی و اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار ہونے والے غیرملکیوں میں 15 ہزار 785 مرد جبکہ 2 ہزار 557 خواتین شامل نہیں۔