سعودی رائل ریزرو میں معدومیت کے خطرے سے دوچار ’رویل گدھ‘ کو دیکھا گیا
نایاب پرندے کو اس سے قبل صرف دو مرتبہ مملکت میں دیکھا گیا تھا۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز رائل ریزور میں معدومیت کے خطرے سے دوچار ’رویل گدھ‘ کو دیکھا گیا ہے۔
یہ مملکت کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں اپنی نوعیت کا پہلا جبکہ قومی سطح پر تیسرا واقعہ ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ مشاہدہ عالمی اہمیت کا حامل ہے، انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (آئی یو سی این) کی جانب سے عالمی سطح پر ’رویل گدھ‘ کو معدومیت کے حوالے سے انتہائی خطرے سے دوچار قرار دیا گیا ہے۔
گدھ کی اس نسل کا آبائی علاقہ افریقہ ہے جہاں اس کی 90 فیصد سے زیادہ نسل ختم ہو چکی ہے اسی لیے اسے معدومیت کا شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
اس سے قبل اس نایاب پرندے کو صرف دو مرتبہ مملکت میں دیکھا گیا تھا۔
پہلی مرتبہ 1985 میں عسیر ریجن میں جبکہ دوسری مرتبہ اس کا مشاہدہ سال 2025 میں العلا کمشنری میں کیا گیا۔
روبل گدھ کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان میں کیڑے مار دواؤں کے زہریلے اثرات، الیکٹرک شاک، پاور کیبلز سے ٹکرانا ، فطری خوراک کی کمی، فطری مقامات کا فقدان اورغیرقانونی شکارکے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلیاں ان عوامل میں شامل ہیں جن کی وجہ سے یہ گدھ کی یہ نسل ختم ہو رہی ہے۔
یہ پرندہ بنیادی طور پر افریقی ساحل پر پایا جاتا ہے، جزیرہ نما عرب میں اسے انتہائی نایاب سمجھا جاتا ہے۔
کنگ عبدالعزیز ریزرو میں اس کی موجودگی مملکت کے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور ماحولیاتی نظام کی بحالی کے لیے کوششوں کی کامیابی کو اجاگر کرتی ہے جس کے باعث ریزرو نایاب اور مقامی انواع کے لیے ایک محفوظ اور پر کشش مسکن بن گیا ہے۔
