سعودی رائل ریزرو میں دو دہائیوں بعد نایاب سفید دم والا عقاب دیکھا گیا
اتوار 23 نومبر 2025 19:27
پرندے کی موجودگی ریزرو کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں پرنس محمد بن سلمان رائل ریزرو میں دو دہائیوں بعد ایک نایاب سفید دم والا عقاب دیکھا گیا ہے۔
نقل مکانی کرنے والے اس نوجوان پرندے کو وادی ثلبہ کے دلدلی علاقے میں دیکھا گیا جو مملکت کے شمال مغرب میں ان چند مستقل دلدلی ماحولیاتی نظاموں میں سے ایک ہے، جو نقل مکانی کرنے والے پرندوں کے لیے ایک اہم پناہ گاہ ہے۔
ایس پی اے کے مطابق بائیو ڈائیورسٹی مانیٹرنگ اینڈ ریسرچ منیجر نے اس نایاب عقاب کو دیکھا اور اس کی تصاویر بنائیں۔
نایاب پرندے کی موجودگی اس ریزرو کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔
24 ہزار 500 مربع کلو میٹر پر محیط اس ریزرو میں پندرہ منفرد سمندری اور زمینی ماحولیاتی نظام ہیں اور حیاتیاتی تنوع بھی نمایاں ہے۔
مملکت میں تمام ریکارڈ شدہ انواع کا 50 فیصد سے زیادہ اس ریزرو کی حدود میں موجود ہے۔ 2021 ءسے اب تک ریزرو میں مختلف موسمی مطالعات کیے جا چکے ہیں، جن میں مملکت سمیت پانچ دیگر ملکوں کے ماہرین شامل رہے۔
سعودی وژن 2030 کے تحت زمینی و سمندری علاقوں کے 30 فیصد حصے کا تحفظ اور ماحولیاتی نظام کی بحالی و حیاتیاتی تنوع کے فروغ کا ہدف مقرر ہے۔
