Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’الدیرہ سکول‘: لڑکیوں کے لیے جدید اور روایتی ہنر کا تربیتی مرکز

سعودی عرب کی العلا کمشنری کے الدیرہ سکول میں علاقے کے نوجوانوں کو علاقائی روایتی دستکاری کی تربیت دینے اور ان کی مہارتوں کو نکھارنے کے لیے خصوصی ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق الدیرہ سکول جو ’نیو آرٹ ڈسٹرکٹ ‘میں قائم کیا گیا ہے، میں داخلہ لینے والی لڑکیوں کو قدیم فن دستکاری سے روشناس کرایا جائے گا جو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں گی۔

تعلیمی و تربیتی ورکشاپ کا پروگرام ایک برس پر مشتمل ہوگا جس میں مختلف علاقائی دستکاری کی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ طالبات کو جدید آلات استعمال کرنے کا ہنر بھی سکھایا جائے گا تاکہ ان کی مہارتوں میں اضافہ کیا جائے۔

ٹیکنیکل سکول میں کمشنری کی ثقافت کے حوالے سے بھی مختلف پروگرامز منعقد کیے جائیں گے جن کے ذریعے وزیٹرز کو ثقافتی صنعت کے بارے میں تفصیلی طور پر معلومات مہیا کی جائیں گی جن میں مٹی کے برتن بنانا، ہاتھ سے قالین وغیرہ کی بنائی و دیگر فنون شامل ہیں۔
الدیرہ سکول کی جانب سے مقامی اور عالمی سطحوں پر ہونے والی نمائشوں میں بھی نمائندگی کی جائے گی جن کے ذریعے العلا کی روایتی دستکاری کو اجاگر کیا جائے گا۔

سکول میں صرف تکنیکی صلاحیتوں کو ہی فروغ دینے پر توجہ نہیں دی جائے گی بلکہ اس کا مقصد العلا کے مکینوں کو بااختیار بنانا اور دستکاری کی مہارتوں کو آمدنی کے پائیدار ذرائع میں تبدیل کرنا ہے۔
واضح رہے الدیرہ سکول اپنے قیام سے اب تک العلا میں لڑکیوں کا پہلا تربیتی ادارہ ہے جو 2019 سے ایک تخلیقی و تعلیمی مرکز کے طور پر ہنرمندوں کی تربیت کے لیے معروف ہے جس کا ہدف مقامی اور عالمی سطح پر مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔

 

شیئر: