لیالی الدرعیہ: ’رنگوں اور زندگی سے بھرپور فنکارانہ فضا میں تبدیل‘
درعیہ سیزن کے تحت گزشتہ سال نومبر میں اپنے آغاز سے اب تک لیالی الدرعیہ کے ذریعے متنوع ثقافتی اور فنی تجربات پیش کیے جا رہے ہیں جن میں آنے والوں نے بہت دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق درعیہ کے سرد ماحول میں یہ فنی تجربات، لائیو پرفارمنسز اور بین الاقوامی رنگوں کو باہم ملا دیتے ہیں اور اس طرح سعودی میزبانی کو اجاگر کرتے ہیں جو روایت اور جدیدیت کو ہم آہنگی کے ساتھ یکجا کر دیتی ہے۔
ان دنوں لیالی الدرعیہ کا مقام رنگا رنگ اور زندگی سے بھرپور فنکارانہ فضا میں بدل گیا ہے جہاں تاریخ، وژوئل فن پاروں کے ذریعے آج کل کے فنی اظہار سے مل جاتی ہے اور یہ عناصر یکجا ہو کر لیالی الدرعیہ کی ایک نئی ثقافتی اور بصری تشریح پیش کرتے ہیں۔
لیالی الدرعیہ پورے سیزن کے دوران جاری رہے گی جن میں حیی المریح کی تاریخ کو دھوم دھام سے منایا جائے گا۔

حیی المریح نے پہلی سعودی ریاست کے دوران زرعی اور ثقافتی سینٹر کے طور پر نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔
یہ جگہ سماجی میل جول کے لیے مرکز کا کام دیتی تھی اور یہاں کا جامع ثقافتی تجربہ، مملکت میں درعیہ کو کلیدی تاریخی اور ثقافتی منزل کے طور پر ایک ممتاز حیثیت میں پیش کرتا تھا۔
