درعیہ میں عالمی سیمینار: جزیرۂ عرب کی تاریخ اور نخلستانی ورثے پر گفتگو
جمعرات 11 دسمبر 2025 13:07
درعیہ گیٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے گزشتہ روز درعیہ گلوبل سیمینار کا آغاز کیا جس میں جزیرۂ عرب کی تاریخ، عالمی تاریخ اور ماحولیات کے ممتاز محققین اور ماہرین شریک ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سیمینار کا مقصد درعیہ اور جزیرۂ عرب پر علمی تحقیق کو فروغ دینا، خطے کی تاریخ اور سعودی ورثے کا جائزہ لینا، اور نخلستانوں کی عالمی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
افتتاحی اجلاس میں الاحساء کے گورنر اور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او شہزادہ سعود بن طلال بن بدر نے خطاب کیا۔ انہوں نے درعیہ، وادی حنیفہ اور الاحساء اؤیسس کے باہمی تعلق کا ذکر کیا۔
دو روزہ تقریب میں لیکچرز، مکالموں کے سیشنز اور ورکشاپس شامل ہیں، جو نخلستانوں کا جائزہ پیش کریں گے۔
سیمینار میں ماحول کو پائیدار ترقی کا محرک سمجھنا، نخلستان کی تہذیب میں قبائل کا سماجی کردار، ورثے کے تحفظ میں جدید ٹیکنالوجی، اور مملکت میں پانی کے انتظام سے متعلق موضوعات شامل ہیں۔