Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ میں ناوان کے ریت کے ٹیلے جو ’جادو‘ بکھیرتے ہیں

سعودی عرب کے الباحہ ریجن میں ناوان کے ریت کے ٹیلوں کا سیاحتی مقام، موسمِ سرما میں جوش و خروش اور مہم جوئی کی امید کے ساتھ یہاں آنے والوں کے انتظار میں ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سیاحوں اور وزیٹرز کو یہاں پُرسکون ماحول اور خوبصورتی کا امتزاج نظر آئے گا۔
یہ سائٹ جو المخواہ گورنریٹ میں ہے، الباحہ کے علاقے میں انتہائی نمایاں قدرتی دلکشی اور کشش کے لیے جانی جاتی ہے۔
یہاں کی خاص بات صحرا کی وسعتوں میں اڑتی ریت کا مختلف بھیس بدلنا اور طرح طرح کی شکلوں میں نظر آنا ہے، اور یہی ریت سیاحوں کو ایک منفرد تجربے سے محظوظ کرتی ہے۔
ناوان کے ریت کے ٹیلوں کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ اس مقام کا رخ کر رہے ہیں۔ ان میں گھومنے پھرنے کے شوقین افراد بھی ہیں۔ فوٹو گرافی کے دلدادہ نوجوان بھی جنھیں یہاں سردیوں کا معتدل موسم خوب بھاتا ہے۔
’چلتی پھرتی اور گھومتی‘ سنہری ریت، کیمپوں میں رہنے کے شوقین افراد کو ایک بہترین جگہ فراہم کرتی ہے جہاں صحرا میں مہم جُوئی تو ہے ہی لیکن اس کے ساتھ ساتھ کئی دوسری تفریحی سرگرمیاں بھی ہیں۔
وہ نظارہ تو بالخصوص دید کے قابل ہوتا ہے جب شام، رات کا تعاقب کر رہی ہوتی ہے اور سورج مغربی افق سے نیچے ہوتا نظر آتا ہے۔

اس وقت یہاں کے لینڈ سکیپ کی جمالیاتی کشش، خوبصورتی کے دیگر منظروں کا منہ چِڑا رہی ہوتی ہے۔
ناوان کے ریت کے ٹیلے قدرتی حُسن کا وہ منظر پیش کرتے ہیں کہ انسان حیران رہ جاتا ہے۔ حالیہ بارش سے یہاں مختلف پودے بھی اپنی جنگلی شان و شکوہ کے ساتھ تیزی سے اُگ آئے ہیں اور صحرا میں بکھرے ہوئے یہ سب عناصر مِل کر فطرت پسندوں کو ایک بے مثال تماشا دکھاتے ہیں۔
یہاں آنے والوں کے تجربات کو متنوع بنانے کی غرض سے، ناوان کے ریت کے ٹیلے کے اس سیاحتی مقام پر اب پیرا گلائیڈنگ بھی شروع کر دی گئی ہے جو مہم جُو اور فضائی سپورٹس کے شوقین افراد کے لیے اس مقام کو اور بھی دلفریب بنا رہی ہے۔
یہ تمام پس منظر اور ماحول، سیاحوں کو ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ فضا سے بھی صحرا کے لینڈ سکیپ کو دیکھ سکیں۔

ناوان کے ریت کے ٹیلے اور ارد گرد کے مناظر جو جادو بکھیرتے ہیں اس کا ایک وسیع تر نظارہ فضا سے دیکھ کر لطف اندوز بھی ہوں۔
تاہم یہ تمام سرگرمیاں ایک منظم فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے ہی کی جاتی ہیں جس میں حفاظت کا پہلو سرِ فہرست ہے اور اس سائٹ میں لوگوں کی دلچپسی میں مزید اضافہ کر تا ہے۔
یہ ایونٹس اور اس طرح کے کچھ دیگر انشیٹیوز، الباحہ کے موسمِ سرما کے پروگرام کا حصہ ہیں جن کا مقصد سیاحت کے مختلف اور متنوع آپشن فراہم کرنا، قدرتی اثاثوں پر سرمایہ کاری اور اس مقام کو خوشنما انداز میں پیش کرتے ہوئے مملکت کی سرمائی سیاحتی منزل کے طور پر دنیا کے سامنے لانا ہے۔
 الباحہ میں وزارتِ ماحولیات، آب اور زراعت کے ڈائریکٹر جنرل فہد مصطفٰی الزہرانی کہتے ہیں کہ ’علاقے میں ماحولیاتی سیاحت میں اضافے کے لیے دو معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔‘

 

شیئر: