کثیرالملکی مشقیں، پی اے ایف کا لڑاکا طیاروں کا دستہ سعودی عرب پہنچ گیا
مشقوں میں سعودی عرب، یونان، اٹلی، قطر، بحرین اور اردن دوسرے ممالک کی ایئر فورسز شرکت کر رہی ہیں (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پاکستان ایئر فورس ایف 16 بلاک 52 لڑاک طیاروں پر مشتمل دستہ سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پر پہنچ گیا ہے جبکہ زمینی دستہ بھی اس کے ہمراہ ہے۔ یہ دستے سپیئرز آف وکٹری کی مشقوں میں شرکت کریں گے جس میں کئی ممالک حصہ لے رہے ہیں۔
پیر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان مشقوں میں پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، یونان، اٹلی، قطر، بحرین، اردن برطانیہ اور امریکہ کے لڑاکا طیارے اور حکام بھی شریک ہو رہے ہیں۔
یہ موقع ایک ایسا مضبوط پلیٹ فارم پیش کرتا ہے جس کی بدولت باہمی مطابقت، آپریشنل ہم آہنگی اور باہمی تفہیم کے علاوہ صلاحیت کو بڑھانے کی مشقیں ہوں کی۔
بڑے پیمانے پر فوج کی تعیناتی، رات کے وقت ہونے والے آپریشنز، جامع فضائی کارروائیاں، مربوط آپریشنز اور جدید الیکٹرونک آلات مشقوں کا خصوصی طور پر حصہ ہوں گے۔
ان کثیر ملکی مشقوں میں شرکت کے ذریعے پاکستان پارٹنر ایئر فورسز کے باہمی مطابقت کو بڑھانا چاہتا ہے اور ٹیکنالوجی پر مبنی جنگی میدان میں اپنی آپریشنل تیاریوں کی توثیق بھی کر رہا ہے۔
اس بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کے لیے ایئر فورس کے فائٹر جیٹس نے پاکستان سے سعودی عرب تک نان سٹاپ پرواز کی، جس سے پاکستان فضائی کی طویل فاصلے تک آپریشنل رسائی کی صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی ہوتا ہے۔
مشق کے انعقاد کے دوران پی اے ایف کے پائلٹس کو جدید بصری حدود سے باہر اور جدید ایویانکس کی صلاحیت سے لیس ایف 16 بلاک 52 طیاروں کو اڑانے والے عملے کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔
سپیئرز آف وکٹری 2026 کی مشقوں میں پاکستان ایئر فورس کے دستے کی شرکت نہ صرف اس کے علاقائی و بین الاقوامی فوجی تعاون کے حوالے سے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے بلکہ اس کی پیشہ ورانہ مہارت اور پہلے سے ثابت شدہ صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرتی ہے کہ وہ جدید ہم عصر ایئر فورسز کے ساتھ متنوع اور مشکل ترین ماحول میں بھی کام کر سکتی ہے۔