Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی فضائیہ کے سربراہ کی سعودی چیف آف جنرل سٹاف اور رائل ایئر فورس کے کمانڈر سے ملاقاتیں

دفاعی تعاون اور باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر بات چیت کی گئی (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
 سعودی عرب کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی اور سعودی رائل ایئرفورس کے کمانڈر لیفٹینٹٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز نے ریاض میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزارت دفاع کے ایکس اکاونٹ پر جاری بیان میں کہا گیا’ چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر بات چیت کی گئی۔‘
سعودی رائل ایئرفورس کے کمانڈر اور پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون کے شعبوں کو مضبوط بنانے اور ترقی دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی دفاعی تعلقات ہیں۔ دونوں ملک مشترکہ مشقیں تیکنیکی تعاون اور تربیتی تبادلے کرتے ہیں۔
1947 میں دونوں ممالک کے درمیان قائم ہونے والے تعلقات بعدازاں سفارتی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں ایک جامع شراکت داری کی شکل میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
گزشتہ برس پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انتہائی اہم نوعیت کا ’سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے‘ پر دستخط کیے گئے۔
اس معاہدے کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کی جائے گی۔ معاہدے کا مقصد مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔

 

شیئر: