Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خزانہ سے پاکستانی ہم منصب کی ورلڈ اکنامک فورم 2026 کی سائیڈلائنز پر ملاقات

پاکستانی وزیر خزانہ نے غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی کوششوں پر روشنی ڈالی (فوٹو: وزارت خزانہ)
پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی سعودی عرب کے وزیر خزانہ سے محمد الجدعان سے ملاقات ہوئی ہے۔
پاکستانی وزارت خزانہ کے پیر کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس 2026 کے موقعے پر دوطرفہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی معاشی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا۔
بیان کے مطابق ’دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر گفتگو کی۔‘
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی عرب اور اس کی قیادت کے پاکستان کے ساتھ مسلسل اور بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
وزیر خزانہ نے سعودی ہم منصب کو اہم معاشی اشاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی معیشت استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے اور درآمدات کے لیے تقریباً تین ماہ کا کور موجود ہے، جو معاشی استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔‘
بیان کے مطابق پاکستانی وزیر خزانہ نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ معدنیات، زراعت اور دیگر پیداواری شعبے سرمایہ کاری کے لیے اہم ترجیح ہیں، جو برآمدات میں اضافے اور مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے اپنی گفتگو میں سعودی عرب کے نجکاری کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مربوط اور مسلسل اصلاحات کے ذریعے مملکت نے طویل مدتی فوائد حاصل کیے۔ انہوں نے سعودی ہوائی اڈوں کی مثال دی جو اصلاحات کے بعد منافع بخش ادارے بن چکے ہیں۔

شیئر: