وزیراعظم شہباز شریف کو صدر ٹرمپ نے غزہ کے ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت دی ہے: دفترِ خارجہ
وزیراعظم شہباز شریف کو صدر ٹرمپ نے غزہ کے ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت دی ہے: دفترِ خارجہ
اتوار 18 جنوری 2026 15:48
امریکہ نے ایک علیحدہ 11 رکنی ’غزہ ایگزیکٹیو بورڈ‘ بھی تشکیل دیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو غزہ کے ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت موصول ہوئی ہے۔
اتوار کو اسلام آباد میں دفترِ خارجہ سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’پاکستان کے وزیراعظم کو امریکہ کے صدر کی جانب سے دعوت موصول ہوئی ہے کہ وہ غزہ کے بورڈ آف پیس میں شامل ہوں۔‘
وائٹ ہاؤس نے جمعے کے روز غزہ کے لیے اس بورڈ کے کچھ ارکان کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔ صدر ٹرمپ کا تجویز کردہ ’بورڈ آف پیس‘ علاقے میں اکتوبر کے بعد سے نافذ جنگ بندی کے تحت غزہ کی عارضی حکومت کی نگرانی کے لیے کردار ادا کرے گا۔‘
غزہ کے لیے اس مجوزہ بورڈ میں شامل ناموں میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف، سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر شامل ہیں۔ گزشتہ برس اکتوبر میں وائٹ ہاؤس کی جانب سے منظرعام پر آنے والے منصوبے کے مطابق صدر ٹرمپ اس بورڈ کے سربراہ ہیں۔
اسرائیل اور فلسطینی گروپ حماس نے صدر ٹرمپ کے اس منصوبے پر دستخط کیے تھے جس میں کہا گیا ہے کہ عبوری دورِ حکومت میں غزہ میں فلسطینی ٹیکنوکریٹ انتظامیہ کی نگرانی بین الاقوامی بورڈ کرے گا۔
اسلام آباد کے دفترِ خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’پاکستان غزہ میں امن و سلامتی کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں مصروف رہے گا جو مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دیرپا حل کی طرف لے جائے گا۔‘
انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی عالمی شخصیات اور ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کا کسی غیرملکی علاقے کی حکمرانی کی نگرانی کے لیے بورڈ کی سربراہی کرنا نوآبادیاتی ڈھانچے سے مشابہت رکھتا ہے۔ اسی طرح اس بورڈ میں سابق برطانوی وزیرعظم ٹونی بلیئر کی شمولیت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عراق جنگ میں اُن کے کردار اور مشرق وسطیٰ میں برطانوی سامراج کی تاریخ کے حوالے دیے جاتے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس نے بورڈ کے ہر رکن کی ذمہ داریوں کی تفصیل نہیں بتائی جبکہ ابھی تک سامنے آنے والے ناموں میں کوئی فلسطینی شامل نہیں ۔ وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں ’بورڈ آف پیس‘ کے مزید ارکان کا اعلان کیا جائے گا۔
وزیراعظم نیتن یاہو کے مطابق بورڈ کی تشکیل اسرائیل کی پالیسی سے متصادم ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکہ نے ایک علیحدہ 11 رکنی ’غزہ ایگزیکٹیو بورڈ‘ بھی تشکیل دیا ہے جو غزہ میں ٹیکنوکریٹ انتظامیہ کی معاونت کرے گا۔ اس بورڈ میں ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان، اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ کے امن کوآرڈینیٹر سگریڈ کاگ، متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی تعاون کے وزیر ریم الہاشمی اور اسرائیلی ارب پتی یاکر گابے شامل ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے دفتر نے کہا ہے کہ اس بورڈ کی تشکیل اسرائیل کی پالیسی کے ساتھ ہم آہنگ نہیں بلکہ اس سے متصادم ہے۔
ممکنہ طور پر ایگزیکٹیو بورڈ میں ہاکان فیدان کی موجودگی اس بیان کی وجہ ہو سکتی ہے کیونکہ اسرائیل کو ترکیہ کی شمولیت پر اعتراض ہے۔