موسیقی کی پانچ اقسام کی ریکارڈنگ، سعودی موسیقاروں کا مختلف ریجنز کا دورہ
جمعرات 29 جنوری 2026 12:08
سعودی طروق پروگرام جو روایتی موسیقی کو محفوظ رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے، نے پانچ مختلف موسیقی کی اقسام پر اپنی دستاویزی مہم مکمل کر لی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس دورے میں مختلف شہروں اور علاقوں کے تین بڑے سفر شامل تھے جن میں جدہ، مکہ، مدینہ، ينبع، الاحساء اور القطیف شامل ہیں۔
اس دوران ٹیم نے مقامی ثقافتی اور سماجی ماحول میں موسیقی کی روایات کو غور سے دیکھا اور ریکارڈ کیا۔
اس وسیع دستاویزی دورے کے دوران پروگرام نے چھ ریجنز میں پانچ موسیقی کی اقسام پر مشتمل 160 ریکارڈنگز محفوظ کیں۔ اس کام میں 196 ماہرین اور فنکاروں نے حصہ لیا جن میں سعودی موسیقی کے نمایاں فنکار بھی شامل تھے۔
یہ دورہ میوزک کمیشن کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد موسیقی کے ورثے کو محفوظ کرنا اور اسے ویژول، آڈیو اور تحریری مواد کے ذریعے آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہے تاکہ یہ مواد محققین اور طلبہ کے لیے مددگار ثابت ہو اور مملکت کے ثقافتی اور فنی تنوع کو اجاگر کرے۔