’مارولز آف سعودی آرکسٹرا‘: العلا میں سعودی موسیقاروں کی شاندار پرفارمینس
وزیرِ ثقافت اور کمیشن برائے موسیقی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ بدر بن عبدالله بن فرحان کی سرپرستی میں ’مارولز آف سعودی آرکسٹرا‘ کنسرٹ شروع ہو گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ تقریب کمیشن برائے موسیقی کی جانب سے العلا گورنریٹ کے مرایا کنسرٹ ہال میں منعقد کی گئی۔
افتتاحی شب نے ایک شاندار پرفارمینس پیش کی جس میں آرکسٹرا کی مہارت اور سعودی موسیقی کی شناخت کا حسین امتزاج تھا۔
سعودی موسیقار ھانی فرحات کی قیادت میں سعودی نیشنل آرکسٹرا نے دیکھنے والوں کو سعودی ورثے سے متاثر متنوع اور دلچسپ موسیقی سے روشناس کرایا جسے جدید آرکسٹرا کے انداز میں پیش کیا گیا۔
اس پروگرام میں مختلف قسم کی موسیقی شامل تھی جن میں پرانی روایت پر مبنی کمپوزیشنز سے لے کر جدید آرکسٹرا کی تخلیقات شامل تھیں۔ ان میں علاقائی دھنیں اور خوبصورت آوازیں شامل کی گئی تھیں جو مملکت کی تاریخ کی عکاسی کرتی ہیں اور ساتھ ہی سعودی کلاسیکی موسیقی کی مشہور تخلیقات بھی پیش کی گئیں۔
تھیئٹر اور پرفارمنگ آرٹس کمیشن نے سعودی فوک موسیقی کا ایک شاندار مظاہرہ پیش کیا جس میں سامری، دحة، رفیحی، ينبعاوي، زير اور خبيتي شامل تھے۔ یہ پرفارمینسز آرکسٹرا کی موسیقی کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر ایک دلکش تجربہ پیش کر رہی تھیں جو سعودی ثقافتی شناخت کو نمایاں کرتی ہیں۔
یہ کنسرٹ ’مارولز آف سعودی آرکسٹرا‘ سیریز میں ایک نیا سنگِ میل ہے، جو اس کی ملکی اور بین الاقوامی کامیابیوں کو آگے بڑھاتا ہے۔

موسیقی کمیشن کی جانب سے یہ سعودی فنون کو بہترین انداز میں پیش کرنے کی کوشش ہے جو شائقین کو ایک خوبصورت ثقافتی تجربہ دیتا ہے۔ اس کے علاوہ قومی ورثے کو خراج تحسین بھی پیش کرتا ہے اور جدید فنون کو بھی فروغ دیتا ہے۔
مرایا کنسرٹ ہال میں، جو اپنی عالمی شہرت رکھنے والی فنِ تعمیر کی وجہ سے مشہور ہے موسیقی کمیشن کل ’مارولز آف سعودی آرکسٹرا‘ سیریز کے العلا کے حصے کا اختتام کرے گا۔
اختتامی پروگرام میں خاص پرفارمینس پیش کی جائے گی جو سعودی موسیقی کے تیزی سے بدلتے ہوئے منظرنامے کی عکاسی کرے گی اور دنیا کے سب سے نمایاں ثقافتی اور سیاحتی مقامات میں سے ایک پر ہو گی۔