Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 11: سابق آسٹریلوی کپتان ٹم پین سیالکوٹ سٹالینز کے ہیڈ کوچ مقرر

ٹم پین آسٹریلیا کی قومی ٹیم کے کپتان رہ چکے ہیں اور ان کے پاس عالمی سطح پر کرکٹ کی قیادت کا وسیع تجربہ ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ کی نئی فرنچائز سیالکوٹ سٹالینز نے پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن کے لیے سابق آسٹریلوی کپتان ٹم پین کو ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔
اس اعلان کے ساتھ ہی سیالکوٹ سٹالینز نے ٹم پین کو اپنی فرنچائز کا حصہ بنانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
سیالکوٹ سٹالینز کی جانب سے سوشل میڈیا پر کیے گئے ایک پوسٹ میں کہا گیا، ’ہم فخر کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ سابق آسٹریلوی کپتان ٹم پین کو سیالکوٹ سٹالینز کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ ہم انہیں سٹالینز فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔‘
ٹم پین آسٹریلیا کی قومی ٹیم کے کپتان رہ چکے ہیں اور ان کے پاس عالمی سطح پر کرکٹ کی قیادت کا وسیع تجربہ ہے۔ سیالکوٹ سٹالینز کی انتظامیہ کے مطابق، ٹم پین ایک تجربہ کار اور منجھے ہوئے ٹیم لیڈر ہیں، جن کی قیادت اور پیشہ ورانہ سوچ ٹیم کو چیمپیئن شپ کے سفر پر لے جانے میں معاون ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ سٹالینز پہلی بار اس سیزن میں پی ایس ایل کا حصہ بن رہی ہے۔ فرنچائز کے مطابق، ٹم پین کی موجودگی ٹیم کی حکمت عملی اور ٹیم ورک کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی۔

 

ٹم پین 2023 میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر کام کر چکے ہیں،  2024 میں پرائم منسٹر الیون کے ہیڈ کوچ کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دیں جبکہ 2025 میں آسٹریلیا اے ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر تین سیریز کی نگرانی کر چکے ہیں اس کے ساتھ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
 ٹم پین کا پی ایس ایل میں یہ پہلا کوچنگ کردار ہے، اور وہ سیالکوٹ سٹالینز کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کی ایک اور نئی فرنچائز حیدرآباد نے بھی سابق آسٹریلوی کرکٹر جیسن گلپسی کو اپنے ہیڈ کوچ کے طور پر منتخب کیا ہے۔ جیسن گلپسی اس سے قبل پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔

 

شیئر: