بلوچستان میں دو کارروائیوں میں 41 عسکریت پسند مار گئے، آئی ایس پی آر
بیان کے مطابق ہرنائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 30 شدت پسند مارے گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران انڈین حمایت یافتہ 41 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعرات کو پہلا آپریشن ضلع ہرنائی کے مضافات میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 30 شدت پسند مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے مؤثر طریقے سے تباہ کیے گئے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیا جہاں دہشت گردوں کے ایک اور ٹھکانے کو نشانہ بنا کر ’فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 انڈین سرپرست دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔‘
ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور 15 دسمبر 2025 کی بینک ڈکیتی سے لُوٹی گئی رقم بھی برآمد ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد ماضی میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، جبکہ علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے مطابق انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی۔
پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پُرعزم ہیں۔
