سعودی عرب میں اوسط عمر بڑھ کر 79.7 برس ہوگئی: وزیرصحت فہد الجلاجل
دائمی امراض سے 40 جبکہ ٹریفک حادثات میں اموات میں 60 فیصد کمی ہوئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر صحت و ہیلتھ ہولڈنگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین فہد الجلاجل نے سعودی ہیلتھ کیئر فورم کے تیسرے ایڈیشن میں شرکت کی۔
انہوں نے مقامی ہیلتھ کیئرماڈل کے اہم اثرات کو اجاگر کیا جس کے مطابق دائمی امراض سے ہونے والی اموات میں 40 جبکہ ٹریفک حادثات میں اموات میں 60 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انہوں نے کہا ’سعودی ہیلتھ کیئر ماڈل کے اطلاق سے متعدی امراض سے ہونے والی اموات کی شرح میں 50 فیصد جبکہ دیگر انفیکشنز سے ہونے والی اموات میں 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ مملکت میں اوسط عمر اب 79.7 برس ہوگئی ہے۔‘
واضح رہے دو روزہ سعودی ہیلتھ کیئرماڈل فورم میں نئی ایجادات اور پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ صحت کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والوں کے درمیان روابط کو بڑھایا جائے۔
اس فورم میں سائنسی سیشنز کے دوران ہیلتھ کیئر سسٹم میں جدت پر توجہ دی گئی، نئی سٹیڈیز اور ریسرچ کا جائزہ لیا گیا جس کا مقصد بیماریوں سے بچاو اور صحت عامہ کو بہتر بنانا ہے۔
