Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’درعیہ: ماضی اور حال‘: پاکستانی سفیر کی پینٹنگز کے ذریعے سعودی عرب کو خراجِ تحسین

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے ریاض میں منعقدہ ایک نمائش کے دوران اپنے 18 فن پاروں کی نمائش کی جن میں انہوں نے مملکتِ سعودی عرب اور اس کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
’درعیہ: ماضی اور حال‘ کے عنوان سے منعقدہ اس نمائش میں پاکستانی سفیر نے اپنے فن کے ذریعے سعودی عرب کے تاریخی شہر کو اپنے منفرد انداز میں پیش کیا۔
پاکستانی سفیر احمد فاروق کی تخلیق کردہ پینٹنگز کی نمائش میں شہزادہ سلطان بن سلمان اور فوجی اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف سمیت مختلف ممالک کے سفیروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔
احمد فاروق نے درعیہ کے مختلف تاریخی مقامات کی عکاسی کرنے والے فن پارے تیار کیے جن میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل الطریف  اور وادی حنیفہ کی پینٹنگز بھی شامل ہیں۔ درعیہ کو سعودی ریاست کی جائے پیدائش بھی کہا جاتا ہے۔
شہزادہ سلطان بن سلمان آل سعود نے سفیر پاکستان کی فنی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس خوبصورت انداز میں پینٹنگز کے ذریعے سعودی ثقافت اور روایات کو پیش کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔
پاکستانی سفیر نے عرب نیوز کو بتایا کہ انہوں نے یہ پروجیکٹ 2023 میں شروع کیا تھا اور اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے ساتھ تین سال کے عرصے میں یہ فن پارے مکمل کیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے فنکارانہ سفر کا محرک درعیہ میں آنے والی تبدیلیاں تھیں جو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کے تحت جاری ہیں۔

شیئر: